ایشین کرکٹ کونسل کا سیاسی کشیدگی کے باوجود ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہی کرانے کا فیصلہ

ہفتہ 4 جنوری 2014 21:59

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جنوری۔2014ء) ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی اور جلاؤ گھراؤکے باوجود آئندہ ماہ سے شروع ہونے والا ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایشین کرکٹ کونسل کے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی اور اپوزیشن کی جانب سے ملک بھر حکومت مخالف مظاہروں کے باوجود آئندہ ماہ شروع ہونے والا ایشیا کپ بنگلہ دیش میں شیڈول کے مطابق ہو گا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ رواں برس ہونے والے ایشیا کپ میں پہلی بار 4 کے بجائے 5 ٹیمیں حصہ لیں گی، افغانستان کی ٹیم کو بھی پہلی بار ایشیا کپ میں شامل کیا گیا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو اشرف الحق کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اپنے شیڈول کے مطابق 25 فروری سے بنگلہ دیش میں ہی شروع ہو گا، ٹورنامنٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور کوئی بھی سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا تھا کہ وہ ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے 9 جنوری کو ہونے والے اجلاس کے بعد کریں گے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کسی دوسرے ملک منتقل ہونے کا امکان تھا اور سری لنکا نے ایشیا کپ کولمبو منتقل کرانے کی درخواست بھی کی تھی۔

متعلقہ عنوان :