پرویز مشرف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کیخلاف لال مسجد شہدا فاوٴنڈیشن کی درخواست کی سماعت (کل) ہوگی ،وزیرداخلہ،سیکرٹری داخلہ،آئی جی اسلام آباد اورجے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی خالد خٹک کوفریق بنایا گیاہے

اتوار 5 جنوری 2014 13:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کے خلاف لال مسجد شہدا فاوٴنڈیشن کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت (کل)پیر کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی کرینگے ۔ درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف پر غازی عبدالرشید کے قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں وہ بیرون جانے کے بعد واپس نہیں آئیں گے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی 6 جنوری کو درخواست کی سماعت کرینگے۔

(جاری ہے)

شہداء فاونڈیشن کی جانب سے درخواست غاری عبدالرشید مرحوم کے بیٹے ہارون الرشید نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی،درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وزارت داخلہ کو ہدایت کی جائے کہ پرویزمشرف کے لیے بہترین علاج کا پاکستان میں انتظام کرے اورپرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے،درخواست میں کہا گیا کہ سابق صدرپرویزمشرف غازی عبدالرشید قتل کیس سمیت اہم فوجداری مقدمات میں مطلوب ہیں،درخواست میں وزیرداخلہ،سیکرٹری داخلہ،آئی جی اسلام آباد اورغازی عبدالرشید قتل کیس میں جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی خالد خٹک کوفریق بنایا گیا -