کراچی ، شہر بھر میں دہشت گردسرگرم رہے، دوپولیس اہلکاروں سمیت مزید4افرادجاں بحق،جاں بحق ہونے والے اہلکار بیکری کے مالک اور عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما رزاق بونیری کی بیکری پر تعینات تھے ،مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران متعددمشتبہ افرادکو حراست میں لے لیاگیا ،خوف وہراس پھیل گیا ،رینجرزکا گلشن اقبال سے 4 ٹارگٹ کلرز اور ایک بھتہ خور گرفتار اسلحہ برآمدکرنے کا دعویٰ

اتوار 5 جنوری 2014 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) شہرقائد میں بدامنی کا تسلسل جاری اتوارکو کوبھی دہشت گردسرگرم رہے ،فائرنگ اور پرتشددواقعات میں دوپولیس اہلکاروں سمیت مزید4افرادجاں بحق ہوگئے۔ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہرکے بعد قانون نافذکرنیوالے ادارے متحرک ہوگئے ہیں،پولیس نے ٹارگیٹڈآپریشن کے دوران متعددمشتبہ افرادکو حراست میں لے کراسلحہ برآمدکرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعیدآباد میں دو موٹر سائیکل سواروں نے ایک بیکری پر دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار عبدالرحیم اور محمد خان شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ایس ایچ او مدینہ کالونی کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکار بیکری کے مالک اور عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما رزاق بونیری کی بیکری پر تعینات تھے، جنہیں کئی مرتبہ بھتے کی پرچیاں موصول ہوچکی ہیں جبکہ دکان پر اس سے قبل بھی حملہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

حملہ آور فرار ہوتے ہوئے دونوں اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جیز بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔جاں بحق پولیس اہلکاروں کی شناخت عبدالرحیم اور محمدخان کے نام سے ہوئی ہے ۔گذشتہ روز بھی دہشت گرد حملوں میں تین پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کاایک واقعہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رشید آباد میں بھی پیش آیا، جہاں قاتلوں نے رکشہ ڈرائیور کو گولیاں مارکر موت کی نیند سلادیا۔

رکشہ ڈرائیور 30سالہ جعفرولدمیرزمان پر اس وقت گولیاں برسائیں گئی جب وہ کام پر جانے کیلئے گھر سے نکل رہا تھا، فائرنگ سے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش سول اسپتال لائی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات پر مختلف پہلووں سے تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول جعفر پاکستان تحریک انصاف کا بلدیاتی امیدوار تھا۔۔دوسری جانب رینجرز نے گلشن اقبال سے 4 ٹارگٹ کلرز اور ایک بھتہ خور گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 5 ٹی ٹی پستول،ایک رائفل، ایک کلاشنکوف اور دیگر اسلحے کی برآمدگی کا دعوی کیا ہے، رینجرز حکام کے مطابق بھتہ خور کا تعلق جرائم پیشہ افراد کے گروہ جبکہ ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔

ملزمان پر25 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا الزام ہے اور انہوں نے قتل اور اقدام قتل کی کئی وارداتوں کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی میں پولیس نے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن گذشتہ شب پیر آباد کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تاہم کارروائی کے دوران پولیس کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔

لیاقت آباد اور شریف آباد پولیس نے ایف سی ایریا، الکرم اسکوائر، اپسرا اپارٹمنٹ اور بندھانی کالونی میں کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، کیماڑی پولیس نے بھی بینک ڈکیتیوں اور پولیس مقابلوں میں ملوث اشتہاری ملزم جاوید قریشی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزم کو ملتان کی عدالت نے اشتہاری قرار دیا تھا۔ بوٹ بیسن پولیس نے بھی اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔