قبائلی علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کی مکمل بحالی و آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،آفتاب شیرپاؤ، آئی ڈی پیز کی بحالی و آبادکاری اور انھیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بارہااور ہر فورم پر آواز اٹھائی،کسی نے توجہ نہیں دی، فاٹا تباہی و بربادی اور قبائلی عوام اور علاقے انتہائی غربت اور پسماندگی کا شکا ر ہیں اور لاتعداد قبائلی عوام تاحال آئی ڈی پیز کی صورت میں صوبہ کے مختلف کیمپوں میں بے سروسامانی کی عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،اجتماع سے خطاب

اتوار 5 جنوری 2014 18:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کی مکمل بحالی و آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھے گے اور قومی و بین الاقوامی فورمز پر ان کی بہبودکیلئے جدوجہد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے اتوار کے روزجلوزئی کیمپ ضلع نوشہرہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپاؤ نے آئی ڈی پیز کو نظر انداز کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے آئی ڈی پیز کی بحالی و آبادکاری اور انھیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بارہااور ہر فورم پر آواز اٹھائی لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جوکہ انتہائی افسوس کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ فاٹا تباہی و بربادی اور قبائلی عوام اور علاقے انتہائی غربت اور پسماندگی کا شکا ر ہیں اور لاتعداد قبائلی عوام تاحال آئی ڈی پیز کی صورت میں صوبہ کے مختلف کیمپوں میں بے سروسامانی کی عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر ان کی محرومیوں کا فوری طور پر ازالہ نہ کیا گیا تو ان کے مسائل و مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا ۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور تباہ حال انفراسٹرکچر کی تعمیر نومیں مزید لیت و لعل سے کام نہ لیا جائے اور ان مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان کی بے یقینی کا خاتمہ ہو سکے۔انھوں نے مزیدکہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی نااہلی اور عدم توجہ کی وجہ سے صوبہ اور پختونوں کے مسائل جوں کے توں ہیں اور اس میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کالاباغ ڈیم کی حمایت کرکے نوشہرہ کے عوام کے مینڈیٹ کا مزاق اڑایا ہے کیونکہ اس منصوبے کی تکمیل سے سب زیادہ یہی ضلع متاثر ہو گا۔انھوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف صوبہ خیبر پختونخوا اور سندھ و بلوچستان اسمبلیوں کی طرف سے متفقہ قراردادیں منظور ہو چکی ہیں لہذا اس منصوبے کی حمایت عوامی مینڈیٹ کی نفی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت دانستہ طور پر صوبہ کو انارکی کی طرف لے جا رہی ہے اور انھیں صوبہ اور پختونوں کے مسائل کا کوئی ادراک نہیں۔انھوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورت حال دگرگوں ہے اغواء برائے تاوان،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم روز کا معمول بن چکی ہیں جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی اور غیر یقینی بڑھتی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی خطہ میں امن کے پائیدارقیام اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء انجینئرذوالفقارعزیز،کفایت علی خان ایڈووکیٹ،ڈاکٹر عالم یوسفزئی،حاجی سید رسن اور ولی الرحمان کے علاوہ ضلع نوشہرہ کے پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔