کمیشن او رکرپشن کا دور گزر چکا ہے ،اب ہر کام میرٹ پر ہو گا،اسدقیصر،صوبے میں جو میگا پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں ان سے لوگوں کو روزگار کے کافی مواقع میسر آئیں گے ،اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

اتوار 5 جنوری 2014 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کمیشن او رکرپشن کا دور گزر چکا ہے اوراب ہر کام میرٹ پر ہو گا ۔وہ اتوار کے روز مرغز صوابی میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ رکن قومی اسمبلی ثاقب الله خان اور دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔سپیکر صوبائی اسمبلی نے واضح کیا کہ وہ عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے جو وعدے کریں گے ، اسے ہر حال میں پورا کریں گے اور جو کام نہیں کر سکتے ، اس کا عوام سے ہرگز وعدہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرٹ کا دور ہے اور اب ہر کام میرٹ پر ہی ہو گا ۔اسد قیصر نے کہا کہ علاقے میں جتنے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان کا مقصد صرف اور صرف علاقے کے عوام میں احساس محرومی کے خاتمے اور علاقے کی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقے میں روزگار کے بہتر اور زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اب نوکریاں فروخت کرنے کی بجائے قابلیت اور ا ہلیت کی بنیاد پر دی جائیں گی ۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے میں جو میگا پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں ان سے لوگوں کو روزگار کے کافی مواقع میسر آئیں گے ۔سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ تربیلا سے صوابی تک بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائین پر کام تیزی سے جاری ہے اوراس پر کام گرمی کا سیزن شروع ہونے سے قبل ہی ختم کیا جائے گا جس کی تکمیل سے پورے علاقے میں بجلی کی کم وولٹیج کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل ہو جائے گا ۔

قبل ازیں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ترقی کے ضمن میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس کی انتھک کاؤشوں سے پورے علاقے میں ترقی کا پہیہ چل پڑا ہے اور علاقہ تیز ی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اس موقع پرڈاکٹر جہانزیب ، غلام شاہ ، لیاقت زیب ، حارث احمد ،ڈاکٹر انیس ، شہزادہ یاسر ، منصور ، حافظ ، ذاکر احمد ، شیر زمان ، چند باچا اور عبدالحکیم نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔