کسانوں کو آبپاشی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے ‘ وزیر آبپاشی ،پروگرام کے مطابق تمام ٹارگٹ رواں سال جون تک مکمل کر لئے جائیں گے،میاں یاور زمان کو اجلاس میں حکام کی بریفنگ

اتوار 5 جنوری 2014 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت کسان برادری کو آبپاشی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے میگا پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے تا کہ ٹیلوں کے زمیندار بھی نہری پانی جیسی نعمت سے مساویانہ طور پر مستفید ہو سکیں -یہ بات انہوں نے جاپانی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (جائیکا) کے تعاون سے منصوبے پی آئی ایس آئی پی پروگرام کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کے دوران کی - اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) خالد حسین قریشی، جنرل مینجرپیڈا افضل انجم طور، جنرل مینجر (آپریشن)پیڈا محمد یونس بھٹی، ڈپٹی جی ایم سید شائق حسین عابدی، ڈائریکٹر سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ محمد عامر خان کے علاوہ فیصل آباد، بہاولنگر اور ڈی جی ان کے ایریا واٹر بورڈ میں تعینات فیلڈ افسران نے شرکت کی-اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ جائیکا کے تعاون سے پی آئی ایس آئی پی کے تحت ضلع چنیوٹ ، بہاولنگر اورڈی جی خان کے منتخب علاقوں میں پائلٹ بنیادوں پر نہروں کی پختگی کا کام تیزی سے جاری ہے اور پروگرام کے مطابق تمام ٹارگٹ رواں سال جون تک مکمل کر لئے جائیں گے- صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ مذکورہ منصوبہ کے تحت کسانوں میں نہری پانی کی بچت کے جدید طریقوں کے بارے میں بھی آگہی دی جا رہی ہے تا کہ کم از کم پانی کے استعمال سے بھرپور زرعی پیداوار بھی حاصل ہو سکے اور کھیتوں کو سیم اور تھور کے مسائل سے بھی محفوظ رکھا جا سکے- اجلاس میں بتایا گیا کہ زمیندار ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبہ جات سے خاطر خواہ انداز میں مستفید ہو رہے ہیں اور کسانوں کی دلچسپی کے پیش نظر مذکورہ منصوبے کے اہداف سوفیصد تک حاصل ہو نگے-وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے اصلاح آبپاشی کے لئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نہری پانی کی بچت کے طریقو ں سے صوبہ بھر کے کسانوں کو آگاہی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریگی تا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کے تحت تمام قابل کاشت رقبے کو یکسا ں نہری پانی میسر آسکے- اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ کسان تنظیموں کے پلیٹ فارم سے بھی نہری پانی کی بچت کے طریقوں کے بارے میں آگہی پروگرام شروع کرنے کے لئے اقدامات یقینی بنائے جائیں-

متعلقہ عنوان :