ایک جماعت کا عسکری ونگ بلدیاتی انتخابات سے پہلے کراچی کو یرغمال بنانا چاہتا ہے، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن ، حالیہ دہشت گردی میں کون ملوث ہے، رینجرز نے سب بتادیا ہے، دہشت گرد کراچی کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں، سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے بیان پر معافی مانگے، اگر ایم کیو ایم نے سندھ کو توڑنے کی بات نہیں کی تو جنہوں نے یہ خبر نشر کی ہے انہیں معافی مانگنی چاہئے، سالگرہ کی تقریب سے خطاب

اتوار 5 جنوری 2014 20:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایک جماعت کا عسکری ونگ بلدیاتی انتخابات سے پہلے کراچی کو یرغمال بنانا چاہتا ہے، دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے تک ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی میں کون ملوث ہے، رینجرز نے سب بتادیا ہے، دہشت گرد کراچی کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر کراچی میں مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے بلدیاتی امیدواروں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے تک ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

دہشت گرد بنانے والی فیکٹریوں کو بھی ختم کریں گے۔ شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے بیان پر معافی مانگے۔ اگر ایم کیو ایم نے سندھ کو توڑنے کی بات نہیں کی تو جنہوں نے یہ خبر نشر کی ہے انہیں معافی مانگنی چاہئے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق طالبان سے ہو، سیاسی جماعت یا کسی اور گروپ سے وہ ملک وقوم کا دشمن ہے۔ کراچی میں دہشت گردی کا نیٹ ورک ختم ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی، سینٹرز اور صوبائی وزراء کے علاوہ کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔