قومی عوامی تحریک نے ہڑتال کا اعلان واپس لے لیا

پیر 6 جنوری 2014 16:58

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جنوری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کی جانب سے علیحدہ صوبے کے بیان کے خلاف قومی عوامی تحریک نے ہڑتال کا اعلان واپس لے لیا ہے۔گزشتہ شب سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کی، جس کے بعد یہ اعلان واپس لیا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ متحدہ نے وضاحت کی ہے کہ الطاف حسین کے بیان کا مطلب سندھ کی تقسیم نہیں تھی اور نہ ہی آئندہ ایسی کوئی بات کی جائے گی۔ایازلطیف پلیجو نے کہاکہ وہ ٹکراوٴ نہیں چاہتے ہیں کیونکہ ٹکراوٴ لاکھوں سندھی اور اردو بولنے والی ماوٴں اور بہنوں کے بچے غیر محفوظ ہوجائیں گے، انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہمارا پاکستان پیپلز پارٹی یا حکومت سے کوئی مسئلہ ہے تو اس میں سندھ کی یکجہتی اور وحدت کو درمیان میں نہیں لانا چاہیے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ایم کیو ایم اور ایاز لطیف پلیجو کو ایک ساتھ بٹھانے میں کامیاب ہوا ہوں۔ ہڑتال سے صرف سازشی عناصر فائدہ اٹھالیتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن وسیم اختر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبے سے کرپشن ختم ہو اور سندھ ترقی کرے۔ انھوں نے کہا کہ ایاز لطیف پلیجو کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے کیونکہ الطاف حسین نے سندھ کوماں کہا ہے اور ماں کی تقسیم نہیں ہوتی