Live Updates

کالا باغ ڈیم یا کوئی اور ڈیم اس وقت تک نہیں بنے گا جب تک صوبے متفق نہ ہوں،عمران خان ،11مئی کے الیکشن میں میچ فکس ہونے کا شک آج دور ہوگیا ۔ہم نے الیکشن معنی لیے لیکن دھاندلی نہیں مانی ،چیئرمین تحریک انصاف ،صوبوں میں الیکشن کے دوران اپنے امپائرز لگائے گئے اگر بلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی ہوئی تو سڑکوں پر انتشار ہوگا،عمرکوٹ میں جلسہ سے خطاب

پیر 6 جنوری 2014 22:44

عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم یا کوئی اور ڈیم اس وقت تک نہیں بنے گا جب تک صوبے متفق نہ ہوں ۔11مئی کے الیکشن میں میچ فکس ہونے کا شک آج دور ہوگیا ۔ہم نے الیکشن معنی لیے لیکن دھاندلی نہیں مانی ۔صوبوں میں الیکشن کے دوران اپنے امپائرز لگائے گئے اگر بلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی ہوئی تو سڑکوں پر انتشار ہوگا ۔

ہم سندھ نمبر 1اور 2کی بات نہیں کرتے ہم پورے پاکستان کے عوام کو اکٹھاکرنے کی بات کرتے ہیں ۔وہ پیر کو عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔جلسہ سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی ،پی ٹی آئی سندھ کے صدر نادراکمل لغاری اور دیگر قومی اور صوبائی رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف مظلوموں کی پارٹی ہے ،ہم عوام کو اکٹھا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 11مئی کے الیکشن میں میچ فکس ہونے کا شک آج دور ہوگیا ہے ۔ہم نے الیکشن مان لیے لیکن دھاندلی نہیں مانی ۔صوبوں میں الیکشن کے دوران اپنے امپائرز لگائے گئے اگر بلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی ہوئی تو سڑکوں پر انتشار ہوگا ۔دھاندلی پر پاکستان کی سڑکوں پر عوام نکلیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 4حلقوں میں تحقیق ہوئی تو پتہ چلے گا کہ 11مئی کو ہونے والے انتخابات میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ جب تک امریکا کی جنگ سے نہیں نکلیں گے خوشحالی نہیں آئے گی ۔یہ کیسا انصاف ہے کہ کرپشن میں اضافہ ہورہاہے ،جس کے خلاف کرپشن کا ثبوت ہو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے لیکن اس کے برعکس یہاں کرپشن کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اس لیے حاصل کی کہ دیگر صوبوں کے لیے مثال بنے ۔خیبرپختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی بنادیا گیا ہے جبکہ ہمارا احتساب سیل وزیرا علیٰ اور وزراء کو بھی نہیں چھوڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام مظلوم ہیں ان پر سب سے زیادہ ظلم کیے جاتے ہیں ۔سندھ نہ آنے پر سندھ کے عوام سے معافی مانگتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ خیبر سے شروع ہونے والی سونامی پنجاب میں آکر رک گئی ہے ۔

ظلم کرنے کے لیے مظلوموں کو تقسیم کیا جاتا ہے ،جب تمام مظلوم اکٹھے ہوں گے تو ظلم ختم ہوجائے گا ۔جب تک قومیں اکٹھی نہیں ہوں گی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مسائل کے حل کے لیے قوم کو اکٹھا کرے گی اور انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں انصاف نہیں وہاں ظلم ہوتا ہے، پاکستان تحریک انصاف عدل و انصاف کا نظام لا کر نیا پاکستان بنائے گی۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام معصوم ہیں جن پر سب سے زیادہ ظلم کیا جاتا ہے، یہاں طاقتور کمزور پر پرچہ کٹواتا ہے، تحریک انصاف کسی صوبے کی نہیں پاکستان کی جماعت ہے، عام انتخابات میں وقت کی قلت کے باعث سونامی کو خیبرپختونخوا سے پنجاب تک محدود کرنے پر سندھ کے عوام سے معافی مانگتا ہوں، اب ایسا نہیں ہوگا سندھ کے ہر ضلع کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ تقسیم 2 طبقوں کی ہے، ایک ظالم دوسرا مظلوم، جس دن مظلوم اکٹھے ہوگئے، ظلم ختم ہوجائے گا، پانی کا بہت بڑا مسئلہ آنے والا ہے، کالاباغ ڈیم اس وقت بنے جب تمام لوگ اسے تسلیم کریں، مسائل کے حل کیلئے تحریک انصاف قوم کو اکٹھا کرے گی۔عمران خان نے مزید کہا کہ لوگ سندھ کی تقسیم کی بات کرتے ہیں، ہم تمام لوگوں کو انصاف فراہم کرکے ملک کو اکٹھا کریں گے، سرمایہ کاری ہوگی تو لوگوں کو نوکری ملے گی، ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں صرف عدل و انصاف چاہئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو تبدیلی کا نعرہ لگارہے تھے وہ مشن سے ہٹ گئے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی حالت پہلے سے خراب ہوچکی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات