گندم کو احسن طریقے سے محفوظ رکھنے کے لئے پلیٹ فارم بنائے جائیں،جام مہتاب حسین ڈھر، موجودہ عوامی حکومت کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، وزیر خوراک سندھ

پیر 6 جنوری 2014 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر برائے خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ گندم کو بہتر طریقے سے ذخیرہ کرنے کے لئے پورے سندھ میں گندم کے تمام مراکز پر پلیٹ فارم بنائے جائیں تاکہ گندم کو بارش و دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے ۔یہ بات پیر کو انہوں نے اپنے دفتر میں احمد جنید میمن چیف انجینئربلڈنگ سکھر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ایکسیئن گھوٹکی / سکھر ظفر کھوکھر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں محکمہ خوراک سندھ کے لئے مختص تین کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا جائے اور دیگر اضلاع میں غیر ضروری اخراجات کو کم کرتے ہوئے محکمہ خوراک سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کیاجائے ۔

(جاری ہے)

جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ موجودہ عوامی حکومت کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔

گندم سندھ کی اہم پیداوار ہے اور اس کو محفوظ رکھنے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے چیف انجینئر کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں میں شفافیت اور معیار کو ملحوظ خاص رکھا جائے کسی بھی قسم کی کرپشن نہ کی جائے اور بدعنوانی میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :