مشرف کے دل کی شریانوں میں اسٹنٹ ڈالنے کی ضرورت پڑسکتی ہے، رپورٹ،قواعد کے تحت ہسپتال کا حتمی تعین سابق صدر کی خواہش کے مطابق کیا جائیگا ، ذرائع

پیر 6 جنوری 2014 22:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) سابق صدرپرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس کے مطابق دل کی شریانوں میں اسٹنٹ ڈالنے کی ضرورت پڑسکتی ہے، آپریشن کیلئے برطانوی ہسپتال کا انتخاب متوقع ہے۔قواعد کے تحت ہسپتال کا حتمی تعین سابق صدر کی خواہش کے مطابق کیا جائیگا۔ برطانیہ کے معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات کوپرویزمشرف کے میڈیکل بورڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق میڈیکل رپورٹس کے جائزے کے بعد ڈاکٹروں نے کہاکہ پرویز مشرف کے دل کی شریانوں میں اسٹِنٹ ڈالنے کی ضرورت ہے جس کیلئے برطانوی ہسپتال کا انتخاب متوقع ہے تاہم حتمی فیصلہ پرویز مشرف کی خواہش پرکیاجائیگا۔ قانون کے مطابق بھی سابق صدر پرویز مشرف علاج کے لئے اندرون یا بیرون ملک ہسپتال کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ سابق صدر کی طبیعت بہتر ہونے لگی ہے۔میڈیکل ٹیم کی جانب سے ہر چھ گھنٹے بعدان کی ایکو کارڈیوگرافی کی جاری ہے۔