پشاور:بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات، دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک، پانچ زخمی

پیر 6 جنوری 2014 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری۔2014ء) دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر پولیس اور ایف سی کے لیے آج کا دن بھاری گزرا۔پشاور میں بم دھماکے اور فائرنگ کے تین الگ واقعات میں دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہفتے کا آغاز پولیس اور ایف سی کے لیے کڑا ثابت ہوا۔ دن دیہاڑے کوہاٹ روڈ پر سرکاری اسپتال کے سامنے فائرنگ کے پہلے واقعہ میں منفر علی نامی پولیس اہلکار کو قتل کر دیا گیا۔

حملہ آور سرکاری اسلحہ لے کر فرار ہو گئے۔تھوڑی ہی دیر بعد نواحی علاقہ متنی میں ایک نجی بینک پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ پیش آیا۔جس میں دو پولیس اہلکاراور ایک راہ گیر خاتون زخمی ہو گئی۔شام ڈھلتے ہی ریگی ماڈل ٹاون پشاور میں گشت پر مامور پولیس وین کے قریب آئی ای ڈی بم کا دھماکاہوا۔

(جاری ہے)

جس میں ایک ایف سی اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔ اس ناخوش گوار واقعہ میں ایک ایف سی اور دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

جیمر لگا تھا، دھماکہ ہوا تو گاڑی کا پچھلا حصہ متاثر ہوا۔ جس کی وجہ سے اہلکار نشانہ بن گئے۔متنی میں فائرنگ کی واردات کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن میں ایک مشتبہ شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فائرنگ اور دھماکے کے تین الگ واقعات میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :