معذور کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے فلاحی ادارے کا قیام آئندہ ہفتے میں عمل میں لایا جائیگا ،شیخ عبدالوحید

منگل 7 جنوری 2014 13:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سینئر وائس چیئرمین شیخ عبدالوحید نے کہا ہے کہ ملک کے باصلاحیت معذور کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کے بھرپورمواقع اور معاشرے میں باعزت مقام دلانے کیلئے ایک فلاحی تنظیم کی شکل میں ایک بڑے پلیٹ فارم کا قیام میں عمل لایا جائے گا جس کا اعلان آئندہ ہفتے میں کیا جائے گا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس فلاحی تنظیم کی مدد سے اتھیلیٹکس ،فٹ بال، ہاکی،سنوکر، کرکٹ، ٹیبل ٹینس سمیت مختلف ان ڈور اور آؤٹ ڈورکھیلوں کی قومی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کا انتخاب ٹرائلز کے ذریعے میرٹ کی بنیا د پر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جو نہ صرف پاکستان میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے بلکہ بہترین کھلاڑیوں کو بیرون ملک بھی کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

شیخ عبدالوحید نے کہا کہ ملک کے معذور افراد انتہائی باصلاحیت ہیں اورکھیلوں کے شعبے میں ملک اور قوم کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں لیکن کھیلوں میں ان کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے ایک بڑے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ معذور کھلاڑیوں کی مالی مدد کیلئے ایک منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت میر ٹ کی بنیاد پر ان کھلاڑیوں کوقومی ٹیموں میں شامل کرکے چار کیٹیگریز بنائی جائیں گی اور ان کی خدمات لینے کیلئے ایک سال کا کنٹریکٹ کیا جائے گااور انہیں کنٹریکٹ کے تحت معقول معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ساتھیوں ناصر محمود چوہدری ، سعید بھٹی اور نوید ملک کے ہمراہ پاکستان کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی فزیکلی ہینڈیکیپڈ(پیکیپ) کی باگ ڈور 2012ء میں صرف چھ ماہ کے لئے سنبھالی اور اس عرصے کے دوران ہماری کوششوں سے اندرون اور بیرون ملک چار بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کرایا تاہم جب ہمیں یہ معلوم ہوا کہ پیکیپ کے چند عہدیداران اپنے مفاد کو کھیلوں کی خدمت پر ترجیح دے رہے ہیں تو ہم نے اس تنظیم کو چھوڑدیا اور نئے جذبے کے ساتھ معذور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے نئے پلیٹ فارم بنانے کا ارادہ کیکلونہ صرف معذور کھلاڑیوں کو معاشرے میں باعزت مقام دلائے گابلکہ ان کے مالی مسائل بھی حل کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔