امریکہ نے شدت پسند گروہوں کیخلاف کارروائی میں مدد فراہم کرنے کیلئے عراقی حکومت کو فوجی سازوسامان کی ترسیل تیز کردی

منگل 7 جنوری 2014 13:46

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) امریکہ نے کہا ہے کہ عراق کے مغربی صوبے الانبار میں شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی میں مدد فراہم کرنے کیلئے عراقی حکومت کو فوجی سازوسامان کی ترسیل تیز کر دی گئی جبکہ فلوجہ پر قابض القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں نے سنّی العقیدہ قبائل سے ملک کی شیعہ قیادت والی حکومت کے خلاف ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاوٴس نے کہاکہ وہ آئندہ چند ہفتے میں نگرانی کرنے والے ڈرون طیاروں کی ایک اضافی کھیپ بھی عراق بھیجے گا جبکہ آنے والے مہینوں میں مزید ہیل فائر میزائل بھی بھیجے جائیں گے۔عراق میں تشدد میں اضافے کے بعد وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جے کارنی نے پیر کو کہا ہے کہ امریکہ القاعدہ سے منسلک گروہوں کو ’تنہا‘ کرنے کے لیے عراق کے ساتھ مل کر حکمتِ عملی ترتیب دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم خریدے گئے فوجی سامان کی فراہمی کے عمل میں تیزی لا رہے ہیں اور موسمِ بہار سے قبل ہیل فائر میزائلوں کی ایک اضافی کھیپ بھی فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ عراق کو آنے والے چند ہفتوں میں دس اور بعد ازاں مزید 48 نگرانی کرنے والے ڈرون طیارے بھی دے گا۔واضح رہے کہ عراق کے سنی اکثریتی صوبے الانبار کے شہروں فلوجہ اور رمادی میں ہونے والی جھڑپیں ماضی قریب میں عراق میں ہونے والی سب سے شدید لڑائی ہے۔

متعلقہ عنوان :