کراچی اسٹاک مارکیٹ : 5 سال میں سرمایہ کاروں کو زبردست منافع

منگل 7 جنوری 2014 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) ملک بحرانوں اور مسائل کی دلدل میں ہے۔ اِس کے باوجود کراچی اسٹاک ایکس چینج نے5 سال کے دوران سرمایہ کاروں کو زبردست منافع دیا۔ لیکن اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی نے کچھ سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی نئی حکومت کے معاشی میدان میں اصلاحات کے اعلان سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کار اچھے منافع کی توقع میں کراچی اسٹاک ایکس چینج کا رخ کر رہے ہیں اور پاکستان کے خطرناک حالات، توانائی بحران اور دیگر سنگین مسائل کو بھی خاطر میں نہیں لا رہے، وہ ان سے پریشان بھی کیوں ہوں جبکہ گزشتہ 5 سال میں کراچی اسٹاک ایکس چینج میں حصص کی مالیت3 گنا سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

2013 کے آغاز میں ایک لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والا غیر ملکی آج ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا مالک بن چکا ہے۔

یعنی ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ بھی چوکھا آئے۔ایسے میں پاکستانی عوام کے ذہنوں میں یہ چند سوالات ضرور آتے ہیں: کیا اسٹاک مارکیٹ واقعی ملک کی معاشی کارکردگی کا آئینہ ہے؟، کیا بیرونی سرمایہ کاروں نے پاکستانی اسٹاک ایکس چینج کو نوٹ چھاپنے کی مشین سمجھ لیا ہے؟۔گرمی میں بجلی نہیں، سردی میں گیس نہیں، تو بیرونی سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ کے بجائے صنعتوں میں سرمایہ کیوں لگائیں؟۔اور سب سے بڑھ کر یہ کہ کیا اسٹاک ایکس چینج میں بڑھتی غیر ملکی دلچسپی سے پاکستان کا بھی کچھ فائدہ ہے یا نہیں؟

متعلقہ عنوان :