وزیراعلی خیبرپختونخوا نے خویشگی جھیل اور ملحقہ جنگلات کی وسیع اراضی کو ایوب پارک کی طرز پر نیشنل پارک کا درجہ دینے کی منظوری دیدی، قومی اور بین الاقوامی سطح کے ادارے اور کمپنیاں خیبر پختونخوا میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہم سے مسلسل رابطہ کر رہی ہیں،پرویزخٹک

منگل 7 جنوری 2014 21:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے نوشہرہ چارسدہ روڈ پر واقع خویشگی جھیل اور اس سے ملحقہ جنگلات کی وسیع اراضی کو ایوب پارک راولپنڈی کی طرز پر نیشنل پارک کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دیدی ہے انہوں نے اس مقصد کیلئے بین الاقوامی شہرت کا حامل تجربہ کار کنسلٹنٹ مقرر کرنے اور ماسٹر پلان کے تحت 1866کنال رقبے پر محیط جھیل اور اس سے ملحقہ ساڑھے آٹھ سو کنال اراضی کو سیاحت کیلئے بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ نے جھیل کے ساتھ 284کنال رقبے کو پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کو دوبارہ لیز پر دینے اور پاک فضائیہ کے جوانوں کی تربیت کیلئے بوٹنگ کلب قائم کرنے کی منظوری بھی دی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس ہوا جس میں پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل راشد کمال (ستارہ امتیاز ملٹری)، سیاحت و سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین محسن عزیز ، سیکرٹری آبپاشی محمد اکبر خان، چیف انجینئر آبپاشی کمال جہانگیر خان، ایکسین شیر اعوان، چیف کنزرویٹر جنگلی حیات مبارک شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خویشگی جھیل اور اراضی پر نیشنل پارک کے قیام اور اسے قریب واقع دریائے سندھ تک سیاحوں کیلئے زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کیلئے محسن عزیز کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی جس کے ارکان میں محکمہ ہائے سیاحت ، آبپاشی اور ماحولیات کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ متعلقہ ماہرین شامل ہوں گے پرویز خٹک نے پارک میں کشتی رانی، ماہی گیری، جنگلی حیات، بچوں کے جھولوں اور واٹر سپورٹس سمیت دیگر سیاحتی کھیلوں کا بین الاقوامی معیار کے مطابق بندوبست اور منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کیلئے بھی پرکشش بنانا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے ادارے اور کمپنیاں خیبر پختونخوا میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہم سے مسلسل رابطہ کر رہی ہیں جبکہ خویشگی جھیل و نیشنل پارک کیلئے بھی ان کی خدمات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس صوبے کو دیگر قیمتی وسائل کے علاوہ متنوع و پر فضاء سیاحتی مقامات کی دولت سے مالا مال کیا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان سے استفادے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کئے جائیں انہوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام اور مقامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ اس ضمن میں اپنا فرض نبھائیں کیونکہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے اس میں ہمیں اور ہماری آئندہ نسلوں کو رہنا ہے اور اسے امن و آشتی، حسن و جمال و سیاحت کا گہوارہ اور جنت نظیر بنا کر ہم دنیا بھر میں کامیاب و باوقار قوم کے طور پر ابھر سکتے ہیں اُنہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے یہاں کے عوام و خواص کی صلاحیتوں کا امتحان شروع ہو چکا ہے ہم عوام اور سرمایہ کاروں کو کرپشن اور اقرباء پروری سے پاک ماحول دے کر معاشی ترقی ، روزگار کے مواقع میں اضافے، غربت کے خاتمے اور سماجی خوشحالی کا سازگار ماحول دینا چاہتے ہیں اور ہمارے اقدامات اس کا واضح ثبوت ہیں اُنہوں نے کہا کہ یہ وقت ترقیافتہ ممالک سے امداد کی بھیک مانگنے اور غلامی کی دلدل میں دھنسنے کا نہیں بلکہ دُنیا میں قدم سے قدم ملا کر باوقار انداز میں آگے بڑھنے کا ہے اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم دوسروں پر انحصار کی بجائے اپنے وسائل اور افرادی قوت کو بہتر انداز میں بروئے کار لائیں تب ہم ملائشیا، چین و جاپان سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے ترقی کر سکتے ہیں محسن عزیز نے بتایا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ نہ صرف خویشگی جھیل و ملحقہ جنگلات کی تقریباً 2800 کنال اراضی بلکہ قریب ہی واقع دریائے سندھ کے اطراف کو بھی سیاحت، پکنک سپاٹس، کشتی رانی، سفاری شپس، ماہی گیری اور جاگنگ ٹریک کے حوالوں سے ترقی دی جائے اور اسے ملکی و غیرملکی سیاحوں کے علاوہ سرمایہ کاری کیلئے بھی پر کشش بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :