میڈیا کی مکمل آزادی کے حق میں ہیں کسی کو کسی کیساتھ ذاتی ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں ، رہنما ایم کیو ایم حیدر عباس رضوی ،نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن نے اپنے پروگرام میں مہاجر دشمن اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا اس حوالے سے ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو بار بار آگاہ کیا ، احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ، نوٹس نہ لیا گیا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

منگل 7 جنوری 2014 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ ہم میڈیا کی مکمل آزادی کے حق میں لیکن کسی کو کسی کے ساتھ ذاتی ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں ۔نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن نے اپنے پروگرام میں مہاجر دشمن اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا اس حوالے سے ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو بار بار آگاہ کیا گیا ہے اور آج احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اگر نوٹس نہ لیا گیا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کونجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے عبداللہ ہارون روڈ پر ٹی وی چینل کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہر ہ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، انجینئر ناصر جمال ، رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین ،حق پرست ارکان پارلیمنٹرین ، کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان ،کراچی مضافاتی کمیٹی ، اے پی ایم ایس او ،شعبہ خواتین کی اراکین مختلف سیکٹر ز ویونٹس کے ذمہ داران وکارکنان اور مختلف قومیتوں کے عوام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

احتجاجی شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء پرجوش انداز میں مقامی ٹی وی چینل اور اینکر پرسن کے خلاف اورایم کیو ایم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ اینکرپرسن کی جانب سے مسلسل متعصباََ رویہ اختیار کیا جارہا ہے ایم کیو ایم میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے ہم نہیں کہتے کہ ایم کیو ایم پر تنقید نہ کریں بلکہ تنقید تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے ہونی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان بنانے کے لئے قربانیاں دی ہیں اور ہم مہاجر قوم کی تذلیل کو برداشت نہیں کریں گے ۔ایسا رویہ غیر جمہوری اور غیر اخلاقی رویہ ہے ۔ اینکرپرسن نے الطاف حسین کے چاہنے والے کروڑوں پاکستانیوں کی تذلیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مہاجر ہونے پر فخر ہے ۔نجی ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو بار بار آگاہ کرنے کے بعدہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

اگر نوٹس نہ لیا گیا تو عدالت سے بھی رجوع کر سکتے ہیں ۔حیدر عباس رضوی نے کہا کہ اینکرپرسن نے اپنے پروگرام میں مہاجر دشمن اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا اس سے پہلے بھی نجی ٹی وی کے اینکر نے مہاجروں کے خلاف تعصب کا رویہ اختیار کیا ۔ چینل مالکان سے درخواست کرتے ہیں کہ اس کے پروگرام کو روکا جائے۔ حیدر عباس رضوی نے صحافتی تنظیموں پی ایف یو جے ، کے یو جے ، ایل یو جے اور پریس کلب کے عہدیداران سے مطالبہ کیا کہ اینکرپرسن کے جانبدارانہ رویے ، مہاجر قوم کی تذلیل اور توہین کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور ان کے خلاف آزاد صحافتی اصولوں کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔