اپوزیشن عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت کاساتھ دیں،وزیراعلیٰ پرویزخٹک،پٹوارخانوں میں رشوت کے دروازے بندکردئیے ہیں،تھانوں میں مظلوموں کی فریادسنی جارہی ہے ، طالبان سے مذاکرات کیلئے مولاناسمیع الحق پر اعتماد ہے اگرانہیں اختیارات دئیے جائیں تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، تنقید برائے تنقید سے کچھ حاصل نہیں ہوگا نظام بدلنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخواکااسمبلی میں اظہارخیال

منگل 7 جنوری 2014 22:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) وزیرعلیٰ خیبرپختونخواپرویزخان خٹک نے کہاہے کہ صوبے کے عوام نے تحریک انصاف اوراسکی اتحادی جماعتوں سمیت اپوزیشن جماعتوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے مینڈیٹ دیاہے حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ملکر صوبے کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل حل کرنے ہیں۔ اپوزیشن عوامی مسائل کے حل اور صوبے کے مفاد کے لئے ساتھ دے،تنقید برائے تنقید سے کچھ حاصل نہیں ہوگا نظام بدلنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں منگل کے روز خیبرپختونخوااسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران نکتہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیں۔

وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہاکہ تمام محکموں کی حالت تباہ وبربادی کردی گئی تھی کوئی چیز ٹھیک نہیں کرپشن کا براحال ہے اورمجھے افسوس ہے کہ محکموں کی وہ کارکردگی نہیں ہے جوہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ میڈیاسمیت اپوزیشن حکومت پر جاتنقیدنہ کرے مثبت تنقید کاہم خیرمقدم کرتے ہیں اگر کہیں پرکوئی غلط کام ہورہاہے تواس کی نشاندہی کی جائے وزیراعلیٰ نے ایوان میں زوردیکریہ بات کہی کہ ممبران یا کوئی بھی پٹوارخانے جائے اب پٹوارخانوں میں رشوت نہیں لی جاتی تھانوں میں مظلوموں کی فریاد سنی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے تمام سرکاری محکموں کا بیڑاغرق کردیاتھا میں پہلے عوامی مسائل کے حل کیلئے اورنظام ٹھیک کرنے کیلئے چھاپے مارتاتھا مگریہ چھاپے میں نے روک دئیے ہیں کیونکہ ہسپتالوں میں چھاپے مارتاتھاتویہی بات سامنے آتی تھی کہ ڈاکٹرزنہیں مشینیں موجود ہیں مگراسے چلانے والا عملہ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے بلڈنگز بنائیں اور اربوں روپے کے آلات مشینری وغیرہ خریدے مگر یہ مشینیں پڑی رہیں حتی کہ یہ مشینیں خراب ہوئیں اور زنگ آلود ہوئی اسکاکون ذمہ دار ہے کیایہ مشینیں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی حکومتوں نے خریدی تھیں ہم تو نظام ٹھیک کررہے ہیں ماضی میں جس نے بھی قومی دولت کا بے دریغ استعمال کیاجائے اس کو احتساب کے کٹہرے میں لائینگے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہیں افسوس ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ہسپتالوں کی حالت زار پر توجہ نہیں دی کتنی افسوس کی بات ہے کہ صوبے میں ہسپتال ہیں آج تک حکومتوں کو یہ پتہ نہ چل سکا کہ ان کے ہسپتالوں میں کتنے ڈاکٹرز اور عملہ ہے ہماری حکومت نے پہلی بار ڈاکٹروں اور تمام ہسپتال عملوں کی لسٹیں مرتب کی ہیں قبل ازیں وزیراعلیٰ نے اسمبلی کے احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہاکہ طالبان سے مذاکرات کیلئے مولاناسمیع الحق پر اعتماد ہے اگرانہیں اختیارات دئیے جائیں تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔