پیشہ ورانہ اور ہمہ وقت تیاربحریہ ملکی سلامتی کا اہم جز و ہے، نیول چیف ، محدود وسائل کے باوجودحکومت پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، تقریب سے خطاب

منگل 7 جنوری 2014 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) پاکستان نیوی کی سالانہ ایفیشینسی کمپٹیشن پریڈ منگل کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔چیف آف نیول ا سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد ہر آپریشنل سال کے اختتام پرکیا جاتاہے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فلیٹ یونٹس میں انعامی شیلڈز تقسیم کی جاتی ہیں۔

اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل آصف سندیلہ نے مقررہ اہداف کے حصول اور تفویض کئے گئے فرائض کی احسن طور پرتکمیل پر تمام فلیٹ یونٹس کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے پاک فضائیہ اور بحریہ کی کوسٹل کمانڈ کے ساتھ کی جانے والی مشقوں کے انعقاد پر بھی فلیٹ یونٹس کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان مشقوں سے میری ٹائم آپریشنز میں دیگر افواج کے ساتھ ساتھ بحریہ کی مختلف کمانڈز کے درمیان باہمی تعاون کو بھی فروغ ملا۔

(جاری ہے)

ایڈمرل سندیلہ نے ملکی سلامتی،معاشی ترقی اور بحری مفادات کے لئے ایک پروفیشنل اور ہمہ وقت تیار نیوی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔مہمان خصوصی نے ملکی سطح پر دوسرے فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل کی تیاری اور کراچی شپ یارڈ میں فلیٹ ٹینکر کی تعمیر کے آغاز کو بھی خود انحصاری اور مقامی صنعت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔نیول چیف نے مزید کہا کہ ATR 72، UAVsکی بحریہ میں شمولیت اورسی کنگ ہیلی کاپٹرز کی اپ گریڈیشن سے بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجودحکومت پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2013 میں تمام فلیٹ آپریشنزکی پلاننگ اور عملی جامہ پہنانے میں "ہر دم جنگ کے لئے تیار " کا عزم سامنے رہاجو کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاک بحریہ نے مختلف بین الاقوامی بحری مشقوں میں حصہ لیا جن میں امن13 ،اومان میں منعقد ہونے والی تہمر الطیب،آسٹریلیا میں ہونے والی ٹریٹون13اور پاکستان میں منعقد ہونے والی انسپائرڈ یونین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کی مشرق بعید ،بحیرہ روم اور بحیرہ اسود میں تعیناتی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے حصول کی جانب اہم اقدام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مشقوں میں بین الاقوامی بحری افواج کے ساتھ پاک بحریہ کی شمولیت سے نہ صرف ہماری پروفیشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوابلکہ اس نے حکومت پاکستان کے سفارتی مقاصد کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور تمام میری ٹائم خطرات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بعد ازاں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل آصف سندیلہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں انعامات تقسیم کئے۔تقریب میں سینئیر افسران،ریٹائرڈ نیول آفیسرز اور جوانوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔