آزادکشمیر حکومت پارٹی کے نظریات و افکار کو اجاگر کر رہی ہے ،چوہدری عبدالمجید

بدھ 8 جنوری 2014 16:01

پلندری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت پارٹی ویژن کے مطابق پارٹی کی نظریات و افکار کو اجاگر کر رہی ہے اور پارٹی ویژن کو عملی جامہ پہنا رہی ہے ۔آزادکشمیر کے عوام نے پارٹی لیڈر شپ ویژن کے مطابق ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا آزادکشمیر میں عوام سے کیئے جانے والے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ۔

پارٹی کے نعرے روٹی کپڑا اور مکان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے پیپلزپارٹی حکومت نے تیرہ ہزا سے زائد افراد کو روزگار /ملازمتیں دیں۔ہزاروں افراد کی کفالت کی جار رہی ہے ہر بے گھر شخص کو چھت فراہم کی جار ہی ہے ۔پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کوئی شخص بے گھر نہیں رہے گا ۔پارٹی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

پی وائی او ،پی ایس ایف کو پارٹی کے نظریات منتقل کیئے جا رہے ہیں ۔

پی ایس ایف ،پی وائی اوہمارا ہر اول دستہ ہیں ان کو مزید فعال اور متحرک کیا جا رہا ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کے مطابق پارٹی ورکرز کنونشنز منعقد کیئے جا رہے ہیں ۔پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط کیا جا رہا ہے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایسا پولیٹیکل انسٹیٹیوٹ ہے جس کے ویژن سے اقوام عالم نے استفادہ حاصل کیا ۔

پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو بین الاقوامی لیڈر تھے ان کے لیڈر شپ ویژن کوعملی جامہ پہنایا جائے گا پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوان نسل کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے مستقبل کے وزیراعظم ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں مختلف سیاسی و سماجی وفود سے بات چیت کر رہے تھے،آزادکشمیر کے وزراء ،وزیرتعلیم کالجز چوہدری مطلوب انقلابی ،وزیرتعلیم سکولز میاں عبدالوحید،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید ، مشیران وزیراعظم راجہ مبشر اعجاز ،چوہدری محمد الیاس ،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل سردار منظور احمد خان ،پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر سردار رئیس انقلابی ایڈووکیٹ ،پیپلزلائرز فور م کے صدر سردار گلنواز ایڈووکیٹ ،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سردار جاوید یعقوب اور پیپلز پارٹی کے مقامی زعماء اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارٹی کو اس انداز سے منظم کیا ہے کہ پارٹی کو نظریاتی طور پر ہمالیہ سے بھی بلند پارٹی بنا دیا ہے ۔آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کو مزید منظم اور فعال بنایا جا رہا ہے ۔آزادکشمیر پیپلزپارٹی حکومت میں پارٹی سے مکمل مشاورت کی جاتی ہے ایوان اقتدار کے دروازے چوبیس گھنٹے عوام کے لیئے کھلے ہیں ۔

انسانیت کی خدمت ہماری سیاست کا محور و مرکز ہے یہی پارٹی لیڈرشپ کا درس بھی ہے ۔عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیئے مشنری جذبے سے کام کر رہے ہیں ۔آزادکشمیر میں بلا تخصیص عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی ،قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی کے ذریعے گڈ گورننس کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔پیپلزپارٹی کی حکومت آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کرے گی اور مساوات پر مبنی فلاحی معاشرہ قائم کر کے رہے گی ۔