پاکستانی معیشت کی حالت خراب ہے،معاشی ترقی کیلئے وزیراعظم نواز شریف ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کر رہے ہیں، ماروی میمن

بدھ 8 جنوری 2014 16:05

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) پاکستان کی معیشت کی حالت خراب ہے ملک معاشی ترقی کے لئے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کر رہے ہیں میاں نواز شریف کا ویژن ہے کہ ملک سے بیروزگار کا خاتمہ کئے بغیر ترقی ممکن نہیں اور ان کا یقین ہے کہ پاکستان وآزاد کشمیر کے پر اعتماد اور ذہین نوجوان معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اس لئے انہوں نے اپنے انتخابی وعدوں میں سے ایک وعدہ یوتھ بزنس لون سکیم کا اجراء کر کے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔

ان نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف کوآرڈینیٹر پاکستان یوتھ بزنس لون سکیم ماروی میمن نے مسلم لیگ ن کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری حاجی افتخار خادم کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں نوجوانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف سمجھتے ہیں کہ بزنس میں جتنے افراد آگے آئیں گے۔

جی ڈی پی اتنا زیادہ بڑھے گا ایکسپورٹ بڑھے گی اور ترقی ہو گی اور پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنا کردار ادا کریں ہم کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا یہ پروگرام کسی جماعت کا ممبر ہونا یا کسی ایک صوبے یا مخصوص طبقوں کے لئے نہیں ہے یہ بزنس لون سکیم ان کے لئے جو ویژن اور کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بس ان کو راستہ دکھانے کی ضرورت ہے ہم نے انہیں راستے دکھانے کیلئے اپنا وعدہ پورا کرنے کی کوشش کی ہے حالانکہ پاکستان کے صوبوں آزاد کشمیر وگلگت بلتستان سمیت مختلف حکومتیں ہیں میاں نواز شریف کی ہدایت ہے کہ ہم لوگ بڑے شہروں کے قریب بھی نہ جائیں بلکہ پسماندہ علاقوں میں جائیں تاکہ وہاں کے نوجوان اس سکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کا بھی حق ہے کہ روزگار کمانے کے لئے ان کو راستہ ملے تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں ا جاگر کر سکیں اس لئے ہم پسماندہ علاقوں میں نوجوانوں سے مخاطب ہو رہے ہیں وزیراعظم میاں نواز شریف نے حیدرآباد میں ون ٹو ون نوجوانوں سے ملاقات کر کے ان کے ویژن کو سنا میں نے اس سے قبل آج تک کسی وزیراعظم کو ایسے کرتے نہیں دیکھا اس پروگرام میں کسی صوبے کا کوئی مخصوص کوٹہ نہیں آزاد کشمیر کے نوجوان اگر چاہیں تو سارا کوٹہ حاصل کر سکتے ہیں میاں نواز شریف نے ہماری تجاویز پرشرائط میں نرمی کی ہے ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان اس سکیم سے فائدہ اٹھا کر اسے برانڈ جو بین الاقوامی منڈی میں بھی متعارف ہوسکیں ہم نوجوانوں کو وہ خواب دکھا رہے ہیں جن پر عمل درآمد ہو سکے آزاد کشمیر میں میرا آنا 2011ء میں ہوا ہے میں نے دیکھا ہے کہ یہاں تعلیم یافتہ نوجوان زیادہ ہیں اور یہ نوجوان صلاحیتوں میں کسی بھی صوبے کے نوجوانوں سے کم نہیں اب مایوسیاں ختم ہونی چاہیے نوجوانوں کو اس سکیم سے فائدہ اٹھانے میں جو بات روک رہی ہے وہ ہے ڈس انفارمیشن میں کہتی ہوں کہ آپ نے پیچھے نہیں جانا بلکہ آگے جانا ہے جس نے بزنس کرنا ہے اس کو علم ہوتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے میرپور کے عوام کے خون میں بزنس شامل ہے یہاں سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن انگلینڈ ودیگر ممالک میں بزنس کر کے ملک کواربوں ڈالر کا زر مبادلہ دے رہے ہیں ہماری قیادت ان کو سلام پیش کرتی ہے اس لئے یہاں رہنے والے نوجوانوں کافرض بنتا ہے کہ وہ بزنس کریں ہم نوجوانوں کے تابعدار ہیں کیونکہ ہماری قیادت اور جماعت جانتی ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔

انہوں نے ہی ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا ہے ماروی میمن نے کہاکہ دنیا کو بڑے بڑے آئیڈیاز ہمیشہ نوجوانوں نے ہی دیئے ہیں نوجوان سب کچھ کر سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ میرپور کی دھرتی جتنی آپ کی ہے اتنی میری بھی ہے انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے میڈیا نے ہمیشہ مجھے گائیڈ لائن دی ہے میں امید رکھتی ہوں کہ آئندہ بھی میڈیا اسی طرح میری رہنمائی کرتا رہے گا انہوں نے کہاکہ ایمانداری اور قابلیت گارنٹی ہوتی ہے نوجوان ایک لاکھ روپے لے کر اپنا بزنس شروع کریں اور بعد میں اس کو بڑھا لیں سینئر کوآرڈی نیٹر آزاد کشمیر بیرسٹر ا فتخار گیلانی ،سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ رزاق، نذیر انقلابی، صدر ینگ لائرز فورم شجاع لودھی، صدر مسلم لیگ ن حلقہ تھری خواجہ منیر لون، حاجی افتخار خادم، راجہ وسیم خان، شیخ خالد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے بزنس لون سکیم پروگرام کے چیدہ چیدہ پہلو سے نوجوانوں کو روشناس کرایا شجاع حیدر لودھی نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم نواز شریف قوم کا درد سمجھتے ہیں اور قائداعظم کے ویژن پر عملی طور پر کام کر رہے ہیں ان کے سابقہ ادوار حکومت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا لیکن آمر نے شب خون مار کر ان کی حکومت کو ختم کر کے ملک کو تاریکیوں میں ڈبو دیا مکافات عمل ہے کہ آج وہی آمر عدالتوں میں کیس بھگت رہاہے میاں نواز شریف ییلو سکیم سڑکوں کا جال بچھا کر اور ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع مضبوط بنایا اور آج انہوں نے انتخابی وعدے کے تحت بزنس لون سکیم کااجراء کر کے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے اس سکیم سے ملکی معیشت کا پہیہ جو رکا ہوا ہے چل پڑے گا۔

نائب صدر مسلم لیگ حلقہ ایل اے تھری ٹھیکیدار سلیم مغل، جنرل سیکرٹری امتیاز مغل، ممبر مجلس عاملہ نعمت شہزاد، نائب صدرسٹی چوہدری مزمل حسین، سیکرٹر ی اطلاعات چوہدری فاروق الزمان ،شکیل مغل، یاسین لال رزاق کشمیری ،نوید سلیم، وسیم بٹ، جہانگیر مغل، یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف این کے نوجوانوں کی کثیر تعداد کے علاوہ صحافیوں نے بھی شرکت کی۔