وزیراعلیٰ پنجاب سے چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے چیئرمین کی ملاقات، ٹیکسٹائل سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق، 1500 ایکڑ اراضی پر سپیشل گارمنٹس زون کا منصوبہ بنایا ہے،چینی گروپ سرمایہ کاری کرے،ہرممکن سہولتیں دیں گے‘ شہبازشریف ،جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، چینی گروپ کی جانب سے گارمنٹس اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مجوزہ پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 8 جنوری 2014 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں گروپ کے چیئرمین یافو چی یو، وائس چیئرمین وی ینگ سن، نائب صدر جیری لیو اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔ رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر، صوبائی وزیر صنعت محمد شفیق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صنعت، وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قابل اعتماد تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اور چین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے تعاون خوش آئند ہے۔

پنجاب حکومت نے موٹروے کے نزدیک 1500 ایکڑ اراضی پر سپیشل گارمنٹس زون کا منصوبہ بنایا ہے جس کیلئے اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ گارمنٹس زون میں ووکیشنل سینٹر سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں سپیشل گارمنٹس کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ رویائی گروپ سپیشل گارمنٹس زون میں سرمایہ کاری کرے، ہرممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ انہو ں نے بتایا کہ فیصل آباد میں بھی انڈسٹریل زون بنایا گیا ہے جہاں پر صنعتکاری کا عمل جاری ہے۔ چینی گروپ فیصل آباد میں بھی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے، فیصل آباد انڈسٹریل زون میں بھی صنعتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چین کی کمپنیوں کے ساتھ توانائی کے سیکٹر میں تعاون کیلئے معاہدوں پر عملدرآمد جاری ہے اور پاور چائنہ کے تعاون سے پنجاب میں 2 کول پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جن سے مجموعی طو رپر 1300 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل زونز میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے علیحدہ کول پاور پلانٹ کی تنصیب کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی گروپ کی جانب سے پنجاب میں گارمنٹس اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مجوزہ پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور پنجاب حکومت چینی گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہرممکن مراعات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ پر 400 سے زائد چینی انجینئرز اور عملہ کام کر رہا ہے اور پنجاب حکومت نے چینی انجینئرز اور عملے کی حفاظت کیلئے پولیس کے ساتھ پرائیویٹ سکیورٹی کو بھی تعینات کیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چین ڈونگ رویائی گروپ کے چیئرمین یافو چی یو نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں ہمارے گروپ نے مستقبل میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پروگرام بنایا ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ہم نے 3 کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں تعاون کے حوالے سے جس طرح ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اس سے ہمارے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ اس تعاون پر میں اپنے گروپ کی جانب سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔چیئرمین شین ڈونگ رویائی گروپ نے وزیراعلیٰ کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔