صوبے بھر میں 72گھنٹوں کے اندر صوبے بھر میں صفائی کے انتظامات کو مکمل کیا جائے، شرجیل میمن،72گھنٹوں کے بعد کسی بھی شکایت پر متعلقہ افسر اپنے آپ کو معطل تصور کرے، وزیربلدیات سندھ

بدھ 8 جنوری 2014 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں 72گھنٹوں کے اندر صوبے بھر میں صفائی کے انتظامات کو مکمل کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم کا آغاز کیا جائے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی علاقے سے شکایت کی صورت میں متعلقہ افسر کو نہ صرف معطل کیا جائے گا بلکہ اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں صفائی مہم کی نگرانی کریں اور صوبے کو صاف بنانے میں اپنا کردار اداکریں۔یہ ہدایات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں سیکرٹری بلدیات جاوید حنیف، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور دیگر اضلاع کے بلدیاتی افسران کو دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں صفائی ستھرائی اور بالخصوص کوڑے دانوں اور گلی کوچوں میں کوڑے کی ڈھیر لگے ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور عوام کو اس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی جانب سے فوری طور پر صفائی مہم کا آغاز کیا جائے اور آئندہ 72 گھنٹوں کے بعد کسی بھی شکایت پر متعلقہ افسر اپنے آپ کو معطل تصور کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے بلدیاتی افسران اور سیکرٹری بلدیات خود اس صفائی مہم کی نگرانی کریں اور کسی قسم کی کوتاہی کو اب برداشت نہی کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں تمام زیڈ ایم سیز اور صوبے کی تمام میونسپل کمیٹیز کو فوری طور پر اس سلسلے میں ہدایات جاری کردی جائیں اور انہیں 72 گھنٹوں کے اندر صوبے بھر میں صفائی کو مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی جائے۔

انہوں نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت دی کہ وہ خودف اس سلسلے میں کراچی سمیت صوبے بھر کے دیگر اضلاع کا دورہ کریں اور صفائی کے انتظامات کویقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :