آصف علی زر داری اسلام آباد پہنچ گئے ، پانچ ریفرنسز کا سامنے کرنے کیلئے (کل) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہونے کا امکان ، فاروق ا یچ نائیک نے آئی جی اسلام آباد سے مناسب سکیورٹی ، بلٹ پروف گاڑی اور بم ڈسپوزل ٹیم مانگ لی ،آصف علی زر داری کے ترجمان کا احتساب عدالت میں پیشی کی ترید یاتصدیق کر نے سے انکار ،پولو گراوٴنڈ کیس میں ہمارے کے موکل کے خلاف فرد جرم عائد ہونے کے بعدمستثنیٰ قرار دینے کیلئے درخواست دائر کرینگے ، وکلاء ،آصف زرداری کی پیشی کے موقع پرپیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو عدالت کے احاطے میں موجود رہنے کی ہدایت

بدھ 8 جنوری 2014 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے17 سال پہلے دائر کیے گئے پانچ ریفرنسز کا سامنے کرنے کیلئے (کل) جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے وکیل اور سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے داخلہ سیکریٹری شاہد خان اور اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل سکندر حیات خان کو ایک خط لکھا جس میں انہوں نے ان ریفرنسز کی سماعت کے دوران مناسب سیکیورٹی اور سابق صدر کی عدالت میں حاضری کیلئے بلٹ پروف گاڑی اور بم ڈسپوزل ٹیم کا بھی مطالبہ کیا۔

فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ یہ خود سابق صدر آصف زرداری کا فیصلہ ہوگا کہ آیا وہ عدالت میں پیش ہوں گے یا نہیں تاہم انہوں نے کہاکہ سابق صدر کو عدالت میں پیشی کے وقت سیکیورٹی خدشات لاحق ہوں گے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری گزشتہ سال 8 ستمبر کو اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ان حالات میں احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے، جب سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی علالت کے باعث ان کے خلاف غداری کے مقدمے میں پیشی سے چھوٹ مل گئی ہے۔

سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ جمعرات کو آصف زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کی نہ تو ترید کی اور نہ ہی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہا کہ اس دوران زرداری کے وکیل عدالت میں پیش ہوں گے اور اگر عدالت نے سابق صدر کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا تو وہ سماعت میں شرکت کریں گے۔ دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد پہنچ گئے آصف زرداری کی رہائش گاہ بلاول ہاوٴس کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی اور مزید پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق جمعرات کو بلاول ہاوٴس سے احتساب عدالت تک راستے میں بھی اہلکار تعینات ہونگے، سابق صدر کی بلٹ پروف گاڑی کے ساتھ جیمر گاڑی بھی سفر کریگی۔

اسلام آباد پولیس نے سابق صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وہاں پر حفاظتی اقدامات سخت کردئیے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کی پیروی کرنے والے وکلا ء نے بتایا کہ پولو گراوٴنڈ میں اْن کے موکل کے خلاف فرد جْرم عائد ہونے کے بعد وہ عدالت میں آصف زرداری کو پیشی سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت میں پاکستان کے سابق صدر پر پولو گراونڈ ریفرنس میں فرد جْرم عائد ہونے کے علاوہ اْن کے خلاف دائر دیگر چار ریفرنسوں میں گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے۔ان ریفرنس میں ایس جی ایس، کوٹیکنا، اے آر وآئی گولڈ اور ٹریکٹر سکیم شامل ہے۔ عدالت نے ان مقدمات میں گواہوں کو نوٹس بھی جاری کر رکھے ہیں۔واضح رہے کہ ان مقدمات میں شریک دیگر افراد کی ضمانتیں ہوچکی ہیں جبکہ آصف علی زرداری کے عہدہ صدارت پر ہونے کی وجہ سے اْنھیں استثنٰی حاصل تھا اور ان کے خلاف ان مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی تھی۔

سابق حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکانِ پارلیمنٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ جمعرات کو آصف علی زرداری کی عدالت میں پیشی کے موقع پر وہاں موجود ہوں۔بدھ کو سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اْن کی جماعت مقدمات کا سامنے کرنے سے نہیں گھبراتی اور اْن کے رہنما عدالتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔ ْنھوں نے کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ جن دیگر افراد کے خلاف احتساب عدالتوں میں مقدمات ہیں، اْنھیں کب طلب کیا جاتا ہے۔