بلوچستان حکومت علیحدگی پسندوں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے ،امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئیگی ، انجینئر بلیغ الرحمن ،راولپنڈی میں راجہ بازار معاملے کو جوڈیشل کمیٹی دیکھ رہی ہے ،رپورٹ آنے پر مزید کارروائی کی جائیگی ،کچھ طاقتیں فرقہ واریت کو دوبارہ اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے ، لاپتہ افراد معاملہ کے حل کرنے کیلئے وزیر دفاع کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، صورتحال میں بہتری آئیگی ،انتہا پسندوں کے ساتھ مذاکرات ناکام رہے تو حکومت دوسرے آپشن پر مکمل طور پر عمل کرنے کی مجاز ہے ،وزیرمملکت برائے داخلہ کا سینٹ میں اظہار خیال

بدھ 8 جنوری 2014 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری ۔2014ء) وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت علیحدگی پسندوں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے ،امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئیگی ، راولپنڈی میں راجہ بازار معاملے کو جوڈیشل کمیٹی دیکھ رہی ہے ،رپورٹ آنے پر مزید کارروائی کی جائیگی ،کچھ طاقتیں فرقہ واریت کو دوبارہ اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے ، لاپتہ افراد معاملہ کے حل کرنے کیلئے وزیر دفاع کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، صورتحال میں بہتری آئیگی ،انتہا پسندوں کے ساتھ مذاکرات ناکام رہے تو حکومت دوسرے آپشن پر مکمل طور پر عمل کرنے کی مجاز ہے۔

بدھ کو سینٹ میں امن وامان کے حوالے سے بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن نے کہاکہ جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملک کو مختلف بحرانوں جن میں بجلی، معاشی مسائل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہیں ان سب مشکل حالات کو دیکھ کر حکومت نے جو راستہ متعین کیا ہے وہ راستہ تعاون اور بہتری کا راستہ ہے جس میں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے کا عمل شروع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اکثریت کے باوجود نیشنلسٹ پارٹیوں کو سامنے لا کرذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو ہر طرح کی مدد مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے محرم کے دوران مکمل سیکورٹی کا انتظام کیا تھا جس کی وجہ سے پورے ملک میں امن رہا، صرف راولپنڈی میں ایک واقعہ پیش آیا، ایک جوڈیشل کمیٹی وزیر اعلی پنجاب نے بتائی ہے جو معاملے کو دیکھ رہی ہے رپورٹ آنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے کہا کہ کچھ طاقتیں فرقہ واریت کو دوبارہ اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور لاپتہ افراد، علیحدگی پسندوں اور دیگر مسائل کو بھی حکومت بھرپور طریقے سے حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، بلوچستان حکومت علیحدگی پسندوں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے اور وفاقی حکومت بھرپور معاونت کر رہی ہے، لاپتہ افراد کے حوالے سے بھی قانون سازی پر حکومت کام کر رہی ہے، لاپتہ افراد کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے وزیر دفاع کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں سے رائے لے کر متفقہ نتیجے پر پہنچے تھے کہ انتہا پسندوں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں، مذاکرات شروع ہوتے ہی امریکی ڈرون حملے نے سبوتاژ کیا انہوں نے کہاکہ حکومت نے دوبارہ مذاکرات عمل شروع کیا ہے اور سنجیدگی سے اس پر کام کر رہی ہے، اب مذاکرات ناکام رہے تو حکومت دوسرے آپشن پر مکمل طور پر عمل کرنے کی مجاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات پر وزیراعظم نے کابینہ کی میٹنگ کی اور صوبائی حکومت کو مکمل سپورٹ فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس جاری کیا گیا تاکہ ملک میں امن و امان کی حالت بہتر بنائی جا سکے، حکومتی اقدامات سے کراچی میں جرائم اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ہے اور سیکورٹی فورسز کی استعداد بڑھی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کی جیلوں میں 41 ایسے قیدی پائے گئے ہیں جن کی شناخت مشکوک ہے، تحقیقات کی جا رہی ہیں کہیں ایسا تو نہیں کہ خطرناک قیدی جیلوں سے باہر ہیں۔