پولو گراوٴنڈ ریفرنس ، آصف علی زر داری احتساب عدالت میں پیش ، فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی،تمام ملزمان بری ہو چکے ہیں ،آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی ،کیس ختم کیا جائے ، وکیل زر داری،سکیورٹی کے سخت انتظامات ، کارکنوں کی سابق صدر کے حق میں شدید نعرے بازی

جمعرات 9 جنوری 2014 13:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد میں احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوگئے تاہم ان پر وزیراعظم ہاوٴس میں پولوگراوٴنڈ کی تعمیر کے مقدمے کے سلسلے میں فرد جْرم عائد نہیں کی جاسکی۔ جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آصف زرداری کیخلاف پانچ ریفرنسز کی سماعت احتساب جج محمد بشیرنے کی، منصب صدارت سے سبکدوش اور صدارتی استثنیٰ ختم ہونے کے بعد آصف علی زرداری پہلی مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سابق صدر کی پانچ منٹ کی مختصر حاضری کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاسکتے ہیں جس پر سابق صدر نے کہا کہ وہ ابھی نہیں جائیں گے آصف علی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے کہاکہ زرداری کیخلاف پانچوں ریفرنسز میں تمام مرکزی ملزم بری ہوچکے ہیں اس لئے سابق صدر کیخلاف فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

سابق صدر کے وکلا نے درخواست کی کہ سکیورٹی خدشات کے باعث آصف علی زرداری کو آئندہ سماعتوں میں عدالت میں پیشی سے استثنیٰ دیا جائے اس پر عدالت نے کہا کہ اس حوالے سے تحریری درخواست دی جائے جس پر عدالت فیصلہ کریگی۔

جس پر عدالت نے پولو گراوٴنڈ ریفرنس کی سماعت اٹھارہ جنوری تک ملتوی کردی سابق صدر آصف علی زر داری کے خلاف پولو گراؤنڈ، عوامی ٹریکٹر اسکیم، پری شپمنٹ ٹھیکے دینے، اے آر وائی گولڈریفرنس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے ریفرنسز شامل ہیں۔عدالت پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے کئی رہنما سابق صدر کے ہمراہ تھے۔ ان کو سیکٹر ایف ایٹ میں ان کی رہائش گاہ سے سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا ایلیٹ فورس کے کمانڈوز، رینجرز اور پولیس کے اہلکار سیکیورٹی پر مامور تھے۔

سابق صدر ا?صف علی زرداری جب احتساب عدالت پہنچے تو وہاں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری پر پولوگراوٴنڈ ریفرنس کو ختم کیا جائے کیونکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت ہیں اور نہ ہی کوئی شواہد، درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولو گراوٴنڈ کیس میں کسی نے بھی میرے موکل کے خلاف گواہی نہیں دی ہے اور کیس کے تمام مرکزی ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں لہذا آصف علی زرداری پر کیس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک بہادر شخص ہیں اور وہ عدالتوں سے بھا گنے والے نہیں، وہ عدالت میں پیش ہوئے اور آئندہ بھی جب کبھی ضرورت پڑی تو پیش ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ آصف علی زرداری کو ابھی بھی سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں تاہم حکومت کی جانب سے مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی انہوں نے کہاکہ میڈیا کے نمائندوں کو بھی کیس کی کوریج کی اجازت ملنی چاہیے۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کے معاون وکیل امجد قریشی نے کہاکہ آصف علی زرداری عدالت کے حکم پر پیش ہوئے۔ ان پر کوئی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہاکہ احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی دوبارہ پیشی کیلئے کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا۔ فرد جرم عائد کئے جانے کے حوالے سے آئندہ سماعت میں بحث ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :