شاہد آفریدی کی طرح چوکے چھکے لگا کر برقیات ملازمین کے مسائل حل کروں گا ‘وزیر برقیات

جمعرات 9 جنوری 2014 13:53

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی کی طرح چوکے چھکے لگا کر برقیات ملازمین کے مسائل حل کروں گا ‘ پوسٹیں تخلیق ہونے پر ورک چارج ملازمین کو پہلی ترجیح میں ایڈجسٹ کیاجائے گا ۔محکمہ برقیات آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ریونیو دینے والا محکمہ ہے ‘ جس کا وزیر ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں ‘ ملازمین اپنے کارکردگی کو بہتر بنا کر مالی خسارہ کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہونگے ‘ سب انجینئرز کی ترقیابی کے معاملہ کو فی الفور حل کریں گے ۔

محکمہ برقیات کا خسارہ 40 سے 45 فیصد ہے جسے کم کرنے کیلئے آفیسران و برقیات ملازمین دِل و جان سے کام کریں۔ برقیات ملازمین کی واپڈا طرز پر اپ گریڈیشن کیلئے معاملات کو جلد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیش کروں گا ۔

(جاری ہے)

اپنے والد ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مرتے دم تک اُن کے افکار کی آبیاری کروں گا ‘ان خیالات کا اظہار وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز حسین راٹھور نے تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

راجہ فیصل ممتاز حسین راٹھور نے کہا کہ سیکرٹری برقیات ‘ چیف انجینئرز تمام ڈسٹرکٹس میں کھلی کچہریاں لگا کر عوام اور ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں ‘ انشاء اللہ آزاد کشمیر میں فورس لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے وفاقی حکومت سے آزاد کشمیر کیلئے بجلی کی فراہمی کیلئے خصوصی کوٹہ لیں گے جس سے آزاد کشمیر میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کو کنٹرول کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے سروس سٹریکچر کیلئے بل جلد اسمبلی میں پیش کروں گا ‘ شاہد آفریدی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر برقیات کا کہنا تھا کہ چوکے چھکے مار کر ہی محکمہ برقیات کے ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کریں گے ‘ محکمہ کیلئے 24 گھنٹے خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کیلئے پولیس طرز پر مراعات کیلئے اپنی پوری کوشش کروں گا ‘ ملازمین کی تربیت کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ‘ محکمہ برقیات کا چارج چیلنج سمجھ کر قبول کیا ‘ اور اس کی ساکھ بحال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے ‘ انہوں نے کہا کہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق اور زخمی ہونیوالے ملازمین کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر نوکریاں دیں گے ‘ ہر ڈسٹرکٹ میں حادثات کی نظر ہونے والے ملازمین کیلئے فسٹ ایڈ بکس اور سٹریچر فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ملازمین برقیات کیلئے فری یونٹس کیلئے بھی جلد اہتمام کیا جائے گا تاکہ ملازمین برقیات اس سے استفادہ کر سکیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین کے مرکزی صدر سردار شاہپال ‘ جنرل سیکرٹری ماجد بیگ ‘ رضوان اکبر ‘ نواز عباسی ‘ سردار اعجاز ‘ فیاض چوہدری ‘ سردار اعجاز احمد خان ‘ ملک جاوید و دیگر نے کہا کہ24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین جو حادثات کی نظر ہو جاتے ہیں اُن کا معاوضہ 10لاکھ روپے کرنے کا مطالبہ کیا ‘اس سے قبل مرکزی صدر سردار شاہپال نے سپاس نامہ پیش کیا ‘ جس پر وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز حسین راٹھور نے کہا کہ آئندہ اڑھائی سالوں کے اندر ملازمین برقیات کے جملہ مسائل یکسو کر دیئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ملازمین ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ میں اپنے والد محترم راجہ ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے لوگوں کے دِل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔

متعلقہ عنوان :