آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث ملک بھر میں موسم مزید سرد ہوگیا

جمعرات 9 جنوری 2014 15:36

اسلام آباد /مظفر آباد /مری/سکردو /پشاور /کراچی /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جنوری 2014ء) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث جمعرات کو بھی ملک بھر میں موسم سرد رہا ، مری میں آنے والے سیاحوں کی تفریح دوبالا ہوگئی ،برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ، گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ گھروں میں سردی کی شدت سے ٹھٹھراتے رہے ، دھند کے باعث سات انٹرنیشنل پروازیں لاہور ایئر پورٹ پر اتار لی گئیں جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز تک سردی کی نئی لہر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث دن بدن سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوئی جس کی وجہ سے کراچی سمیت صوبہ پنجاب اور ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک سردی کی اس نئی لہر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے بالائی علاقوں خصوصاً مری اور مظفرآباد میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد وہاں آنے والے سیاحوں کی تفریح دوبالا ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ ایبٹ آباد، اسکردو، پاراچنار، ڈی جی خان، خیرپور اور مانسہرہ میں بھی بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کچھ علاقوں میں برف کی وجہ سے ذرائع نقل و حمل بھی متاثر ہوئے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔

دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی تیز ٹھنڈی ہواوٴں سے موسم سرد ہوگیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی بارش اور تیز ہواوٴں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے گا تاہم معرات کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بارش کے بعد موسم صاف رہا۔پاراچنار میں انیس، بنوں میں دو، رسالپور پانچ، سیدو شریف ایک، بالاکوٹ نو اعشاریہ دو، چراٹ سات، ڈی آئی خان ایک، دروش میں ایک، کاکول میں بھی نو اعشاریہ دو، کالام دس، پٹن سات، میرکنی ایک اعشاریہ آٹھ، کوہاٹ دو اور مالم جبہ 11ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں پاراچنار میں 4 انچ برف باری ہوئی، اسی طرح دیر میں 1.1 انچ، مالم جبہ میں 5 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ مری ایبٹ آباد سڑک برفباری سے بلاک ہو گئی ،برفباری نے سوات کے حسن کو چار چاند لگا دیئے۔قلات میں موسم کی پہلی برف باری سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ ڈیرہ غازی خان کا سیاحتی مقام فورٹ منرو بھی برفباری کے بعد اور حسین ہوگیا محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، خیبرپختونخواہ، کشمیر گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، سب سے زیادہ بارش راولا کوٹ میں آٹھ ملی میٹر جبکہ پارا چنار میں سات، گڑھی دوپٹہ، اسلام آباد اور کوٹلی میں چھ، راولپنڈی میں پانچ، بالاکوٹ، سکردو اور ہنزہ میں چار، چراٹ اور بنوں میں تین اور دیر میں دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مری میں پانچ، راولا کوٹ مین چار، پارا چنار، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں تین، مظفر آباد میں دو انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن، کشمیر، گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے دوسری جانب اسلام آباد میں دھند کے باعث سات انٹرنیشنل پروازیں لاہور ایئر پورٹ پر اتاری گئیں ہیں،اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں شدید دھند کے باعث بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ائیرپورٹ مینجر ایازجدون نے بتایا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر اترنے والی تمام پروازوں کارخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا، اس لیے،ترکش ،گلف،عمان ،اتحاد ،پی آئی اے اور ائیر بلو کی پروازیں لاہور اتاری گئیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں دھند کے باعث بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرفلائٹ آپریشن روک دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :