بم حملے میں چوہدری اسلم کی شہادت پر وزیر اعظم سمیت مختلف رہنماوٴں اور شخصیات کا اظہار افسوس ، ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم بہادر افسر تھے ، وہ دہشتگردوں کیلئے خوف کی علامت تھے،وزیر اعظم نواز شریف ،تحریک طالبان کے سفاک قاتلوں نے میرے ایس ایس پی کو شہید کردیا ہے ،بلاول بھٹوزرداری ،وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 9 جنوری 2014 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی نے چوہدری اسلم کی بم دھماکے میں شہادت کی تصدیق کردی ہے ۔جبکہ سی آئی ڈی سیل کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ چوہدری اسلم پر خودکش حملہ کیا گیا ہے ۔خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چوہدری اسلم کی گاڑی سے ٹکرائی تھی ۔دھماکے میں چوہدری اسلم سمیت 3اہلکار شہید اور 11زخمی ہوئے ہیں ۔

چوہدری اسلم کے قتل پر پر وزیراعظم نوازشریف،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،سابق صدر آصف علی زرداری ،پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن ،پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید اویس مظفر ،متحدہ قومی قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے بیان میں چوہدری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم بہادر افسر تھے ، وہ دہشتگردوں کے لئے خوف کی علامت تھے، ان کی شہادت کے باوجود دہشتگردوں کے خلاف قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ وزیر اعظم کے علاوہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمرن خان نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹویٹر پر چوہدری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری اسلم بہادر آدمی تھے ۔تحریک طالبان کے سفاک قاتلوں نے میرے ایس ایس پی کو شہید کردیا ہے ۔ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چوہدری اسلم پر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے لیاری ایکسپریس وے پر عیسیٰ نگری کے قریب سی آئی ڈی پولیس قافلے پر دہشت گرد حملے میں ایس ایس پی چوہدری اسلم سمیت متعدد اہلکاروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر سندھ نے آئی جی سندھ پولیس سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دہشت گرد حملے میں ملوث عناصر کو ہر صور ت گرفتا رکیا جائے ۔ انہوں نے پولیس افسر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چوہدری اسلم نے اہم کامیابی حاصل کی تھیں اور صوبے و شہر میں امن و امان کے قیام میں اپنا بھرپور کردا ر ادا کیا ۔