چو ہدری اسلم ایک بہا در اور نڈر پو لیس آفیسرتھے ، شہدات سے سندھ حکومت بہادر ، ایماندار افسر سے محروم ہوگئی ہے، شر جیل انعا م میمن ، ایس ایس پی چوہدری اسلم کی صوبہ سندھ، کراچی اور اپنے محکمے کیلئے عظیم قربانیاں ہیں ،کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 9 جنوری 2014 21:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایس ایس پی چوہدری اسلم بہادر اور نڈر پولیس آفیسر تھے، ان کی شہادت سے سندھ حکومت اور پولیس ایک بہادر، نڈر اور ایماندار افسر سے محروم ہوگئی ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا۔ دہشتگردوں کی جانب سے اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

وہ جمعرات کو عیسیٰ نگری دھماکہ کے بعد جائے واقعہ اور بعد ازاں نجی اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چوہدری اسلم پر اس سے پہلے بھی متعدد بار حملے کئے گئے تھے۔ 2011میں ان کے گھر کو بھی تباہ کردیا گیا تھا جبکہ انہیں مسلسل دھمکیاں بھی مل رہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام دھمکیوں اور حملوں کے باوجود دہشتگردوں کے خلاف جچگ لڑرہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری اسلم ایک نڈر، ایماندار اور بہادر پولیس آفیسر تھے اور انہوں نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کا بیڑہ اٹھا رکھا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مختلف ادارے جائے واقعہ سے شواہد اکٹھا کررہی ہیں اور جلد ہم اس دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعہ کی تحقیقات کرکے 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایس پی چوہدری اسلم کی صوبہ سندھ، کراچی اور اپنے محکمے کے لئے عظیم قربانیاں ہیں اور ہم ان کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے۔