بجلی چوری پر قابو پانا خیبر پختونخوا حکومت کی نہیں واپڈا کی ذمہ داری ہے،پرویزخٹک،عابد شیر علی خود بجلی چوروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں ، وفاقی حکومت بنوں کی بجلی بند کر کے دکھائے، وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 9 جنوری 2014 21:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کو بجلی چور کے لقب سے نوازتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری پر قابو پانا خیبر پختونخوا حکومت کی نہیں بلکہ واپڈا کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

پشاور میں ٹریفک ہیڈ کواٹر اور گلبہار پولیس سٹیشن پر اچانک چھاپے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت کے وزیر خیبرپختونخوا کے وزرا ء پر بجلی چوری کے الزامات لگا کر اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی بتائیں کہ انکا خود کیا کردار ہے۔

وہ خود بجلی چوروں کے ساتھ ملے ہوئے ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت بنوں کی بجلی بند کر دے تو پھر دیکھے گی کہ خیبر پختونخوا حکومت کیا اقدام اٹھاتی ہے۔ ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اختیارات ٹریفک پولیس کے حوالے کی جا رہی ہیں۔وزیر اعلی کے اچانک چھاپے پر پولیس اور ٹریفک افسران کی دوڑیں لگ گئی اس دوران وزیر اعلی کی جانب سے ٹریفک ہیڈ کواٹر اور تھانہ گلبہا ر کے ریکارڈز بھی چیک کئے گئے۔