آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی چوہدری اسلم پر حملے کی شدید مذمت، شہید کو خراج عقیدت

جمعرات 9 جنوری 2014 23:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2014ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق اپنے مذمتی بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ چوہدری اسلم نے دہشت گردی کے خلاف شاندار خدمات پیش کیں جنہیں رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے، آرمی چیف نے چوہدری اسلم شہید کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم آج عیسیٰ نگری کے قبرستان سے ملحق لیاری ایکسپریس وے پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکاروں سمیت شہید ہوگئے تھے جبکہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی نے قبول کرلی ہے۔