آزادکشمیر کے معاشی دل میرپور میں چوریوں اور ڈاکوں کی تعدا د میں روز بروز اضافہ ہونے لگا

جمعہ 10 جنوری 2014 13:29

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) آزادکشمیر کے معاشی دل میرپور میں چوریوں اور ڈاکوں کی تعدا د میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ۔شہری اور تاجر شدید ترین بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہو گئے رواں ہفتے چوریوں کی تعداد پندرہ سے تجاوز کر گئی ۔انجمن تاجران کے تمام گروپ اکٹھے ہوگئے وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ایس ایس میرپور راجہ عرفان سلیم نے شاپنگ سنٹر نانگی میں ہونے والی چوری کے بعد تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ میرپور میں قانون شکن عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس حوالے سے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے ۔

اتوا کی شب شاپنگ سنٹر نانگی کی کلاتھ مارکیٹ میں دو دکانوں کے تالے توڑ دیئے گئے ۔انجمن تاجران کے دونوں گروپوں نے حکومت آزادکشمیر اور انتظامیہ کو نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جنجوعہ کلاتھ مارکیٹ شاپنگ سنٹر نانگی میں عبدالغفور انصاری کی دوکان ” زبیر رضائی اینڈ کاٹن شاپ “ کے تالے نامعلوم چوروں نے توڑ کر قیمتی کپڑاچوری کر لیا ۔

صبح جب دوکان کے مالک دوکان کھولنے پہنچے تو پتہ چلا کہ رات کو چوروں نے پہلے ہی کام کھول دیا ہے پولیس کو اطلاع دینے پر انسپکٹر جمیل تھانہ نانگی کے اہلکاران کے ہمراہ موقع واردات پر پہنچ گئے اس دوران انجمن تاجران کے صدر سہیل شجاع مجاہد ،جنرل سیکرٹری خالد رتیال ،سپریم ہیڈ راجہ خالد اور چوہدری نعیم گروپ کے صدر چوہدری نعیم اور جنرل سیکرٹری تنویر غازی سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندگان کی بہت بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی میڈیا کے پہنچنے پر تاجروں نے احتجاجی نعرے بلند کیے اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ملک خدا بخش اعوان نے انتہائی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے میرپور پولیس کو بذریعہ ٹیلی فون ہدایت کی کہ میرپور میں فوری طور پر قانون کی عمل داری قائم کی جائے ۔

ڈی آئی جی سردار گلفرز خان، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم اور انسپکٹر جمیل نے آہنی عزم کا اظہار کیا کہ میرپور میں ہر صورت میں چوروں ،اچکوں اور ڈاکوؤں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ اس ماہ کے دوران میرپور میں ایک درجن سے زائد دوکانوں کے تالے توڑ کر قیمتی سامان چوری کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :