انجمن تاجران ایس ایس پی میرپور راجہ عرفان سلیم کی دیانتداری اور ان کی صلاحیتوں کی معترف ہے‘سہیل شجاع

جمعہ 10 جنوری 2014 14:43

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) انجمن تاجران ایس ایس پی میرپور راجہ عرفان سلیم کی دیانتداری اور ان کی صلاحیتوں کی معترف ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ محکمہ پولیس کا بہت بڑا اثاثہ ہیں میرپو رمیں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ان کے لیے یقینا ایک بہت بڑا چیلنج ہیں اور ہم انجمن تاجران کے نمائندگان کی حیثیت سے ایس ایس پی میرپور اور تمام انتظامیہ کو مکمل تعاون کا یقین دلانے کے ساتھ ساتھ یہ رضاکارانہ طور پر پیش کش کرتے ہیں کہ تاجروں سے پولیس کو جو بھی معاونت چاہیے ہم فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں شاپنگ سنٹر نانگی میں معروف ٹی وی ریڈیو اینکر پرسن و کالم نگار صحافی جنید انصاری کے والد کی دوکان پر ہونے والی چوری کی واردات خطرے کی گھنٹی ہے اس کا نوٹس لیا جانا ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے صدر سہیل شجاع مجاہد ،سیکرٹری جنرل تنویر غازی ،سپریم ہیڈ راجہ خالد اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ تازہ ترین واردات میں زبیر رضائی اینڈ کاٹن شاپ نانگی سے اگرچہ صرف کپڑے کی چوری ہوئی ہے لیکن جس اطمینان کے ساتھ چوروں نے دوکان کے تالے توڑ کر بہت آرام سے واردات کی ہے جبکہ دوکان کے چند قدم پر پولیس کی بیٹ بھی موجود ہے اس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ یا تو چور بہت ہی پہنچے ہوئے ہیں اور یا پھر گھر کا بھیدی لنکا ڈھا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت تاجروں میں شدید ترین عدم تحفظ پایا جاتا ہے اور ہم وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے مطالبہ کرتے ہیں کہ میرپور میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے سخت ترین نوٹس لیتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر انتظامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ میرپور میں مرکزی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ تمام کاروباری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کا ایک مربوط نظام شہری انتظامیہ کی نگرانی میں قائم کیا جانا ضروری ہے ۔