ہندو سکول ستانی سپنا رانی کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او پشاور نے پنجاب پولیس کو درخواست دیدی ہے، شیخ آفتاب احمد

جمعہ 10 جنوری 2014 15:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے سینیٹ کو بتایا کہ پشاور میں ہندو سکول استانی سپنا رانی کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او پشاور نے پنجاب پولیس کو درخواست دیدی ہے، میڈیکل رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئینگے، جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر ایم حمزہ کے اس توجہ دلاؤ نوٹس کہ پشاور سے ہندو سکول استانی کو اپنا عقیدہ بدلنے پر مجبور کرنے کیلئے اغواء کرنے سے متعلق انتہائی عوامی اہمیت کے حامل معاملے کی جانب وزیر داخلہ کی توجہ مبذول کرائینگے جس کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سوریش کمار نے درخواست دی کہ اس کی کزن سپنا رانی سکول جانے کیلئے صبح کے وقت گھر سے نکلی اور واپس نہیں آئی، انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج کی گئی اور اس حوالے سے سی سی پی او پشاور سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا سراغ لگا لیا گیا ہے ، زاہد نواز نامی ملزمان نے سپنا کو اغواء کیا ، سپنا کی بازیابی کے بعد اس نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا کہ اسے بے ہوش کر کے جنگل میں لے جایا گیا جہاں اسے زبردستی کلمہ پڑھنے کا کہا گیا ، زاہد نواز کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس سے درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے سینیٹ کو بتایا کہ لڑکی کیساتھ زیادتی ہوئی ہے یا نہیں میڈیکل رپورٹ کے بعد حقائق سامنے آئینگے، اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور حکومت اسے سرانجام دے گی، اقلیتوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :