سندھ کی عوامی حکومت معاشرتی بگاڑ کے خلاف جدوجہد کررہی ہے،روبینہ سعادت قائم خانی

جمعہ 10 جنوری 2014 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) سندھ کی وزیر ترقی نسواں، خصوصی تعلیم اور سماجی بہبود روبینہ سعادت قائم خانی نے کہا ہے کہ سندھ کی عوامی حکومت معاشرتی بگاڑ کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، اس جدوجہد میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی شرکت یقینی بنانی ہوگی اور اپنا احسن کردار ادا کرنا ہوگا۔چھوٹی عمر میں بچیوں کی شادیاں اسلامی تعلیمات کے بھی برخلاف اور معاشرتی ظلم کے مترادف ہیں، انکے خلاف خصوصی کمیٹی نے بل کے مسودے کی منظوری دیدی ہے جو جلد قانون سازی کیلئے ایوان میں پیش کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں چائلڈ میرج بل کے حوالے سے منعقدہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے صدارتی خطاب میں کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چھوٹی عمر میں بچیوں کی شادیاں کرنے والے ظلم کررہے ہیں اور انشاء اللہ تعالی سندھ اسمبلی اس معاشرتی ناانصافی کے خلاف جلد قانون سازی کا اعزاز حاصل کرلے گی ہماری کوشش ہے کہ 20فروری2012 کو عالمی یوم اطفال کے موقع پر یہ قانون منظور ہوچکا ہو۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بیٹی بوجھ نہیں بلکہ رحمت ہے معاشرے میں اس تناظر میں جو غلط روش اختیار کی جارہی ہے وہ در حقیقت کم علمی کا بھی نتیجہ اورمذہبی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے ہے ، اگر ہم مذہبی تعلیمات کا حقیقت پسندی سے مطالعہ کرلیں تو ہم ان بھیانک غلطیوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ چھوٹی عمر میں کی جانے والی شادیوں کے نتائج بھی اچھے برآمد نہیں ہوتے جن کے بداثرات سے معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔

سندھ اسمبلی کی اراکین مہتاب اکبر راشدی، ارم فاروق اور نائلہ نے اپنی تقاریر میں کہا کہ سندھ حکومت چائلڈ میرج بل پر جب بھی پیش رفت کرے گی تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون حکومت کے ساتھ ہوگا اور معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاں جہاں بھی کام ہوگا حکومت اور حذب اختلاف ملکر اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں دیگر کے علاوہ ایڈیشینل سکریٹری محکمہ قانون اسماعیل شیخ، سکریٹری محکمہ ترقی نسواں مدثر اقبال اور سکریٹری سماجی بہبود نور محمد لغاری نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :