غزہ، اسلامی جہاد نے امریکہ کا فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مفاہمتی امن فارمولا مسترد کردیا

ہفتہ 11 جنوری 2014 12:42

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے امریکہ کا فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مفاہمتی امن فارمولا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ اسرائیل کی مرضی کے مطابق فلسطینیوں کو ان کے تمام بنیادی اصولوں اور دیرینہ حقوق سے محروم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے ترجمان محمد الہندی نے جمعہ کے روز غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جان کیری کا امن منصوبہ نافذ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں فلسطینیوں کے تمام دیرینہ مطالبات اور حقوق ساقط ہو جائینگے کیونکہ اس فارمولے میں بیت المقدس اور فلسطینی پناہ گزینوں جیسے بنیادی مطالبات کے بارے میں وہی موقف اختیار کیا گیا ہے جو اسرائیل کا ہے۔

(جاری ہے)

محمد الہندی نے کہا کہ امن معاہدے کی آڑ میں فلسطینیوں کے حقوق کی سودے بازی کی سازش کی جا رہی ہے۔ فلسطینی عوام صہیونی امریکی گٹھ جوڑ کو سمجھیں اور اپنے خلاف ہونیوالی سازش ناکام بنانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں۔ ایک سوال کے جواب میں اسلامی جہاد کے رہنماء نے کہا کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی پر امریکی امن فارمولا قبول کرنے کیلئے دباوٴ ڈالا جا رہا ہے۔ ہم خبردار کرتے ہیں کہ اگر کسی بیرونی دباوٴ یا بلیک میلنگ کے ذریعے فلسطینیوں کے حقوق کی سودے بازی کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری رام اللہ اتھارٹی پر عائد ہوگی۔