شوہر نے بیوی کو تیزاب سے جلا دیا ، ہائیکورٹ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 11 جنوری 2014 14:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) لاہور ہائی کورٹ نے شوہر کی جانب سے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اسے تیزاب سے جلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد کووقوعہ کی غیر جانبدار اور شفاف کاروائی کرنے اور پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اخباری رپورٹ کے مطابق مدن پورہ کے رہائشی صلاح الدین عرف کاشی کی شادی دس ماہ قبل رابعہ سے ہوئی۔

انکے مابین گھریلو معاملات پر اکثر لڑائی جھگڑارہتا تھا۔

(جاری ہے)

ایک دن دونوں کی تلخ کلامی ہوئی تو ملزم صلاح الدین اشتعال میں آ گیا اور اس نے اپنی بیوی رابعہ پر شدید تشدد کرنے کے بعد اس پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کی گردن، سینہ اور تھوڑی جھلس گئی۔ خاتون کو جنرل ہسپتال غلام محمد آباد لے جایا گیا جہاں حالت غیر ہونے کے باعث الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کے خاوند کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا ہے۔عدالت عالیہ لاہور کے شکایات سیل نے مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔