دہشتگردوں کی طرف سے متعدد اراکین اسمبلی کو سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں ،کوئی خوفزدہ نہیں ‘ اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 11 جنوری 2014 14:54

دہشتگردوں کی طرف سے متعدد اراکین اسمبلی کو سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی طرف سے متعدد اراکین قومی اسمبلی کو سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن ان میں سے ایک بھی ایسا نہیں جو خوفزدہ ہو کرگھر بیٹھ جائے ، میڈیا کے ذریعے سامنے آنیوالی اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت سے بات کرنے کیلئے لائحہ عمل تیارکررہے ہیں،چوہدری اسلم قوم کے ان بیٹوں میں سے تھے جنہوں نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان دی ،20جنوری کے متوقع اجلاس میں تمام جماعتیں اس موزوں پر بات کریں گی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گلبرگ میں سی سی بی اے کیفے کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے آپشنز موجود ہیں ۔ہر لڑائی کا حل گفتگو سے نکلتاہے اس لئے حکومت بھی طالبان سے مذاکرات کیلئے کوشاں ہے اور کوئی بھی سیاسی جماعت ایسی نہیں جو ان مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت سے بات کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کررہے ہیں ۔

مذاکرات ہمیشہ دو فریقوں میں ہوتے ہیں ایسا نہیں کہ ایک فریق راضی ہو اور دوسرا اس سے انکاری ہو ۔انہوں نے کہا کہ کہاں لکھا ہواہے کہ جہاد کے نام پر نہتے لوگوں کومارا جائے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اسکے لئے وفاق نے ہر ممکن مددفراہم کی ہے ۔ ملک میں امن و امان کے لئے تمام جماعتوں کو سیاست سے بالا تر ہو کر سوچنا ہوگا ۔

انہوں نے طالبان کی طرف سے شیخ رشید کودھمکیوں کے حوالے سے کہا کہ ان سے فون پر رابطہ کرکے صورتحال پرگفتگوکی ہے اورانہیں ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔قومی اسمبلی کے متعدداراکین کو سنگین دھمکیاں ملی رہی ہیں لیکن ان میں سے ایک بھی ایسا نہیں جو خوفزدہ ہو کرگھر بیٹھ جائے۔