شہید اعتزاز حسین کی آخری آرام گاہ پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے کی سلامی

ہفتہ 11 جنوری 2014 16:36

ہنگو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) خودکش حملہ آور کو روک کر سینکڑوں طالبعلموں کی جان بچانے والے شہید اعتزاز حسین کی آخری آرام گاہ پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ ہفتہ کو ہنگو میں بریگیڈیئر ذکی کی سربراہی میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید اعتزاز حسین کی آخری آرام گاہ پر سلامی پیش کی ، پاک فوج کے دستے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی طرف سے قبر پر پھول بھی چڑھائے اور دعا کی۔

اس موقع پر اعتزاز حسین کے رشتہ دار، اسکول کے طالبعلموں اور دوستوں سمیت عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر اعتزاز حسین کے والد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میرے بیٹے نے اپنی جان دے کر 900 سے زائد طالبعلموں کی جان بچائی۔ انہوں نے کہاکہ صرف مجھے ہی نہیں بلکہ میرے پورے خاندان اور پاکستانی قوم کو اعتزاز حسین کی شہادت پر فخرہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف نے اعتزاز حسن کو ستارہ شجاعت دینے کے لئے صدر مملکت کو سمری ارسال کی تھی جس میں کہا گیا کہ نویں جماعت کیطالب علم اعتزازحسن نے جرات اور بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو اسکول کے اندر داخل ہونے سے روکا اور اپنی جان کی قربانی دے کر سیکڑوں طالب علوں کی جان بچا کر حب الوطنی اور شجاعت کی عظیم مثال قائم کی۔واضح رہے کہ 6 جنوری کو ہنگو کے نواحی علاقے ابراہیم زئی میں خودکش حملہ آور نے گورنمنٹ ہائی اسکول میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم اسکول کے باہر اعتزازحسن نے لڑکے کومشکوک سمجھ کرروکنے کی کوشش کی جس پر بمبار نے خود کودھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں بہادر طالب علم اعتزاز حسن نے جام شہادت نوش کیا۔

متعلقہ عنوان :