اسلم خان کی شجاعت اورشہادت نے انہیں امرکردیا،،وہ بجاطورپراعلیٰ ترین اعزاز کے مستحق ہیں‘ کامران مائیکل

ہفتہ 11 جنوری 2014 16:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ محمداسلم خان کی شجاعت اورشہادت نے انہیں امرکردیا ،محمداسلم خان شہید نے دہشت گردوں کیخلاف مزاحمت اوراستقامت کی تاریخ رقم کی ،وہ بجاطورپراعلیٰ ترین اعزاز کے مستحق ہیں،محمداسلم خان شہید نے استحکام پاکستان اورقیام امن کیلئے جان قربان کردی مگردہشت گردوں کے آگے سرنڈرنہیں کیا ،ہزاروں جانبازوں کی شہادتوں کے باوجودپاکستان کی عوام اورسکیورٹی فورسز کامورال ہائی ہے ،شدت پسند عناصربندوق اوربارود کے زورپر پاکستان اورپاکستانیوں کویرغمال نہیں بناسکتے،وفاقی حکومت پاکستان کوامن وآشتی اورتعمیروترقی کاگہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

اپنے ایک بیان میں کامران مائیکل نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے اب تک ہم سے ہمارے کئی ہیروزکوچھین لیا مگروہ بحیثیت قوم ہماراحوصلہ پست کرنے میں ناکام رہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے غیورعوا م اپنے شہیدوں اورغازیوں کوفراموش نہیں کرتے،محمداسلم خان شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی طرف سے محمداسلم خان شہید اور ہنگو کے طالبعلم اعتزازحسن شہید کی پذیرائی خوش آئنداورقابل قدر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگردہشت گردوں کے پاس خودکش حملے کیلئے لوگ ہیں توپاکستان کے پاس بھی محمداسلم خان شہید سے جانثاروں اورجانبازوں کی کمی نہیں ہے۔دہشت گردوں کے حملے سے اگرپاکستا ن کاایک جانبازآفیسر یااہلکارشہیدہوتا ہے تواس کی جگہ دس آفیسرزاوراہلکار فرض منصبی کی بجاآوری کیلئے سینہ تان کرکھڑے ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس ملک کے آفیسرزاوراہلکاروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی جذبہ شہادت سے سرشارہوں اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔