Live Updates

تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی صدر نیلم اشرف کے جواں سال صاحبزادے کی پراسرار ہلاکت ، پولیس نے ڈکیتی مزاحمت کا واقعہ ، قتل اور بعد ا زاں خود کشی قراردیدیا ، سر کے پیچھے گولی کا نشان ہے ،ورثاء۔ اپ ڈیٹ

ہفتہ 11 جنوری 2014 23:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی صدر نیلم اشرف کے جواں سال صاحبزادے کی پراسرار ہلاکت ، پولیس نے ڈکیتی مزاحمت کا واقعہ ، قتل اور بعد ا زاں خود کشی قراردیدیا جبکہ ورثاء نے کہا ہے کہ یہ خود کشی نہیں بلکہ قتل کا واقعہ ہے پولیس اصل حقائق سامنے لائے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر نے واقعے پردلی رنج وغم کااظہار کیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی کے رنگ روڈکے قریب ڈکیتی مزاحمت پرنوجوان کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی جسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔پولیس جائے وقوعہ پرپہنچی اوراسے ڈکیتی مزاحمت پر ہی قتل بتایا گیا ۔

(جاری ہے)

مقتول کی شناخت نعمان اشرف کے نام سے ہوئی اور مقتول تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی صدر نیلم اشرف کا صاحبزادہ تھا۔

ایس پی طارق عزیز کے مطابق ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ قتل دوران ڈکیتی نہیں ہو اکیونکہ مقتول کا موبائل اور پر س اس کے پاس پڑے ہوئے ملے ہیں ۔مقتول کی والدہ کے مطابق نعمان اشرف کماہاں کے نزدیک واقعہ قصبہ کو ٹ مدھاواسنگھ میں اپنے دوست وارث کو ملنے گیا تھا اور شک ہے کہ انہوں نے اسے قتل کر کے بند روڈ کے قریب رنگ روڈ پر پھینکا ہے ۔

مقتول کی والدہ کے شک کی بنیا دپر پولیس نے تین ملزمان وارث ،اس کے بھائی امانت اور والد عبدالرشید کو گرفتار کر لیا ہے ۔تھوڑی دیر بعد پولیس نے موقف اپنایا کہ یہ بظاہر خود کشی کا واقعہ لگتا ہے کیونکہ لاش کے پاس سے موبائل بھی ملا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ نعمان اشرف کی 14فروری کو شادی طے پا چکی تھی ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،پنجاب کے صدراعجاز چوہدری‘ جنرل سیکرٹری یاسمین راشدنے واقعے پرانتہائی رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔

صوبائی صدر اعجاز احمد چوہدری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نعمان اشرف کا قتل انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، چور اور ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں اور انہیں کوئی پکڑنے والا کوئی نہیں ہے پولیس پنجاب کے حکمرانوں کے تحفظ پر لگی ہوئی ہے جب کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر نعمان اشرف کے قاتلوں کو پولیس گرفتار کرے اور بیگناہ نعمان اشرف کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے ، تحریک انصاف نیلم اشرف کے غم میں برابر کے شریک ہے اور ہم دعا کرتے ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات