وزیراعظم کے مشیر اور امیر مقام کے قافلے پر بم حملہ ، سکیورٹی پر مامور چھ پولیس اہلکار شہید ، دو زخمی ، امیر مقام محفوظ رہے ،صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزراء اور سیاسی رہنماؤں کی حملے کی مذمت ، دہشتگردانہ کارروائیوں سے حوصلے پسند نہیں ہونگے ،حق و سچ کی بات کرتے رہیں گے ، امیر مقام کا عزم

اتوار 12 جنوری 2014 15:51

شانگلہ /پشاور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما امیر مقام کے قافلے پر بم حملے کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور چھ پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے تاہم امیر مقام حملے میں محفوظ رہے ، صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے جبکہ حملے میں محفوظ رہنے والے لیگی رہنما امیر مقام نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردانہ کارروائیوں سے حوصلے پسند نہیں ہونگے ،حق و سچ کی بات کرتے رہیں گے ۔

اطلاعات کے مطابق اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما امیر مقام مار تونگ میں 2 قبائل کے درمیان ہونے والے تنازعے کی صلح کر انے کے بعد واپس جا رہے تھے کہ شانگلہ کے قریب ان کے قافلے کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں امیر مقام خوش قسمتی سے محفوظ رہے تاہم ان کی سیکیورٹی پر مامور 6 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت جواد، لیاقت، فضل حیات، آصف اور جعفر کے ناموں سے ہوئی ہے شہید اور زخمی پولیس اہلکاروں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیاڈی آئی جی ملاکنڈ عبداللہ خان نے بتایا کہ دھماکے میں ایک پولیس موبائل وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی دھماکا ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیادھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ، سکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے دھماکے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشت گردوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گا اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر انتہائی افسوس ہے۔امیر مقام نے کہاکہ دہشتگردوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آخری سانس تک دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔

امیر مقام نے کہاکہ میں آخری سانس تک سچ بات کروں گا، 2خاندانوں کے درمیان راضی نامہ کرانے جا رہا تھاامیر مقام نے بتایا کہ مجھ پر اس سے پہلے بھی 5بار حملے ہو چکے ہیں۔امیر مقام نے کہاکہ دہشتگرد چاہتے ہیں حق اور سچ کی بات کر نے وا لے خامو ش ہوجائیں انہوں نے کہاکہ اگر سچ اور حق کی بات کر نے و الے خاموش ہوگئے تو عوام کا جینا مشکل ہو جائیگا دوسری جانب صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ، مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، سینیٹر پرویز رشید ، سینیٹر اسحاق ڈار ، شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ، خرم دستگیر سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔