Live Updates

عمران خان کااعتزاز حسن کے معاملے پر خیبر پختونخواہ حکومت کے رویے پر مایوسی کااظہار ،اہلخانہ کی کفالت کا اعلان ، امریکہ نے نیٹو سپلائی کھولنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا ‘ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی تک نیٹو سپلائی نہیں کھولیں گے،پولیس کا نیلم اشرف کے صاحبزادے کے معاملے میں پوسٹمارٹم سے قبل واقعے کوخود کشی قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے ،وزیراعلی نوٹس لیں

اتوار 12 جنوری 2014 15:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہنگو کے نوجوان شہید اعتزاز حسن کے معاملے پر خیبر پختونخواہ حکومت کے رویے پر انتہائی مایوسی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف شہید کے اہل خانہ کی مکمل کفالت کرے گی ‘ امریکہ نے نیٹو سپلائی کھولنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا ‘حکمران ڈالر کے پجاری ہیں لیکن خیبرپختوانخواہ میں نیٹو سپلائی اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کر ادیتا ،پولیس کا نیلم اشرف کے صاحبزادے کے معاملے میں پوسٹمارٹم سے قبل واقعے کوخود کشی قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے ،وزیراعلی پنجاب واقعہ کا نوٹس لیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات کرا ئی جائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی صدر نیلم اشر ف کے جواں سال صاحبزادے کے انتقال پراظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں نہیں ہوتیں اور پولیس کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پولیس کا میعار گرتا جا رہا ہے اور جرائم کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی طارق عزیز نے میڈیا کو فون کرکے بتایا کہ نیلم اشرف کے صاحبزادے نے خود کشی کی ہے حالانکہ پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی واقعے کو خودکشی قرار نہیں دیا جا سکتا ۔انہوں نے مقتول کی والدہ کے حوالے سے بتایا کہ جب انکا صاحبزادہ اپنی منگیتر سے ٹیلیفون پر بات کررہا تھا تواسے اس وقت قتل کیا گیا ۔جب وہ منگیتر سے بات کررہاتھا تووہ خود کشی کیسے کر سکتا ہے ۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف واقعہ کا نوٹس لیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات کرا کے کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں ایک سال کے دوران 172دہشتگردی کے واقعات ہوئے جبکہ اسکے مقابلے دیگر تین صوبوں ں میں مجموعی طور پر 103حملے ہوئے ۔ کے پی کے میں تو حالات خراب ہیں لیکن پنجاب میں کونسی دہشتگردی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے حالات اس نہج پرپہنچ چکے ہیں ۔

انہوں نے کہ قصور میں بھی ہمارے رہنما کو چار دیگر افراد کے ہمراہ قتل کر دیا گیا ۔عمران خان نے ہنگو کے نوجوان شہید اعتزاز حسن کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت کے رویے پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز حسن قوم کا ہیرو ہے اور اس کی شہادت پر فخر ہے تاہم اعتزاز کے معاملے پر وزیراعلی خیبر پختونخوا ہ پرویز خٹک اور صوبائی حکومت کے کسی بھی رکن کا نا جانا انتہائی افسوسناک ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اعتزاز حسن کے لواحقین سے مکمل تعاون کرے گی اور اعتزاز کے اہل خانہ کے تمام اخراجات کی ذمہ داری اٹھائے گی۔امریکہ کی طرف سے نیٹو سپلائی کھولنے کے لئے رابطے کے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ امریکہ نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔ڈرون حملوں کیخلاف ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔پوری دنیا ڈرون حملوں کے خلاف ہے کیونکہ ڈرون کیوجہ سے فائدہ کم اور نقصان ہوتا ہے ، ان حملوں سے نفرت بڑھتی ہے جس سے دہشتگردی میں اضافہ ہوتا ہے ۔حکمران ڈالر کے بچاری ہیں لیکن نیٹو سپلائی اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کرادی جاتی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات