کراچی میں ٹارگٹیڈآپریشن میں گینگ وار کا ملزم ہلاک،50سے زائدمشتبہ افرادگرفتار،اسلحہ برآمد،چوہدری اسلم کی خودکش حملے میں شہادت کے بعد شہر میں کالعدم تنظیموں کے ارکان کے خلاف کارروائیاں شروع

اتوار 12 جنوری 2014 15:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) کراچی کے علاقے قائدآباد میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا جبکہ رینجرز کے ٹارگٹیڈ آپریشن میں لیاری گینگ وار کا ملزم مارا گیا،مختلف علاقوں سے 50سے زائدمشتبہ افرادکوگرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔کراچی میں قائد آباد نالے سے لاش ملی جس کی شناخت حنیف کے نام سے کر لی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق حنیف کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔دوسری جانب رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کا ایک ملزم فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا۔رینجرز نے بنارس،لیاری،سہراب گوٹھ،چکرا گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم اور لیاری گینگ وار کے افراد سمیت 50سے زائدمشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے،پکڑے جانے والے افراد سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرزنے اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس میں رینجرز نے کالعدم تنظیموں کے خلاف ٹارگٹیڈ کارروائی کرکے 9 افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔دوسری جانب گلشن اقبال راجپوت کالونی میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کارروائی کرکے لیاری گینگ وار کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم طفیل عرف بنگالی سیاسی جماعت کے کارکنان سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیاگیا ہے۔جبکہ اورنگی ٹان کے علاقے پیرآباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تیرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ڈالمیا کے علاقے سانتی نگر میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں لیاری گینگ وار کے اہم کردار ارشد پپو کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کالو عرف بندر درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ 4 روز قبل ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی خودکش حملے میں شہادت کے بعد شہر میں ایک بار پھر کالعدم تنظیموں کے ارکان کے خلاف کریک ڈان میں شدت آگئی ہے۔