متنازعہ انتخابات کے بعد شیخ حسینہ واجد نے تیسری بار بنگلہ دیشی وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا

اتوار 12 جنوری 2014 17:28

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2014ء) شیخ حسینہ واجد نے ملک میں ہونے والے خونی انتخابات کے بعد تیسری بار وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے صدر عبدالحامد نے صدارتی محل میں شیخ حسینہ واجد سے وزیراعظم کا حلف لیا، شیخ حسینہ واجد کی تقریب حلف برداری کی تقریب سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی۔

شیخ حسینہ واجد کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کی حیثیت سے آئین کے مطابق اپنے فرائض پورے کریں گی، اس موقع پر شیخ حسینہ واجد کی 48 رکنی کابینہ نے بھی حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی تقریب میں ایک ہزار اعلی حکومتی اور فوجی اہلکار سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 5 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کا بنگلہ دیش نیشلسٹ پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت اپوزیشن کی 21 جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا اور انتخابات کے دوران ہونے والے پر تشدد واقعات میں 21 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

شیخ حیسنہ واجد نے انتخابات میں اپنی جیت کو آئینی قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کے تمام الزامات کی تردید کی تھی، شیخ حسینہ واجد نے حالیہ انتخابات میں پارلیمنٹ کی 80 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :