Live Updates

تحریک انصاف کے ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو51روز مکمل،اتوار کو پی کے 6پشاور کے کارکنان نے ایم پی اے فضل الہیٰ کی قیادت میں دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی

اتوار 12 جنوری 2014 20:30

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کوشروع ہوئے 51روزپورے ہو گئے۔اتوار کو دھرنے کے41ویں روزپی کے6 پشاورکے کارکنان نے ایم پی اے فضل الہیٰ،کیمپ انچارج یونس ظہیر مہمند اور بابائے دھرنا فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا ۔ اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی موجود تھے۔

شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے وفاقی حکومت اور امریکہ سی آئی اے پر شدید تنقید کی۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی اجازت اور تعاون کے بغیر ڈرون حملے ممکن نہیں۔حکمران عوام کے سامنے ڈرون حملوں کی مخالفت کرتے ہیں اور در پردہ امریکہ کو ڈرون حملوں میں تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈرون حملوں سے دہشتگردی ختم نہیں ہو گی بلکہ مزید بڑھے گی،ڈرون حملوں میں ہزاروں بیگناہ شہری،بچے اور خواتین مارے گئے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈرون حملے روکنے کیلئے امریکہ کے سامنے دو ٹوک موقف اپنائے اور اگر اس کے بعد بھی ڈرون آئے تو اسے مارگرایا جائے۔مقررین نے ڈرون حملوں کیخلاف کامیاب دھرنے کی نصف سنچری پوری ہونے پر پارٹی کارکنان اور اتحادیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دھرنے کی وجہ سے گزشتہ 51روز سے طورخم سرحد سے نیٹو سپلائی مکمل طور پر بند ہے اور ان دنوں میں نیٹو سپلائی کی ایک بھی گاڑی نہیں گزر سکی۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا حملے بند ہونے تک جاری رہیگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات