سُنی تحریک کا 12ربیع الاوّل کو ملک گیر ”یوم امن“کے طورپر منانے کااعلان،سُنی تحریک کے زیراہتمام اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت میں عید میلادالنبی کے ایک ہزارمرکزی جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل ،میلاد النّبی کے جلسے جلوسوں میں ممتاز قادری کی رہائی کیلئے قراردادیں منظور کی جائینگی اور چوہدری اسلم شہیدسمیت تمام قومی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاجائیگا، میلادکے جلوسوں میں شریک عشاقان رسول کو ڈبل سواری پر پابندی کے قانون سے مستثنیٰ قراردیاجائے :سربراہ سُنی تحریک ثروت اعجازقادری

اتوار 12 جنوری 2014 20:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ12ربیع الاوّل کو ملک گیر ”یوم امن“کے طورپر منائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت میں عید میلادالنبی کے ایک ہزارمرکزی جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پاکستان سُنی تحریک کے زیراہتمام ملک بھر میں میلاد مصطفی کانفرنسز ، محافل نعت،مشعل بردار جلوس، سیرت النّبیﷺکے موضوع پر سیمینار، مذاکرے اور تحریری و تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے اور گھروں پر چراغاں اور بازاروں کو سجایاجائے گاجبکہ تمام تحریکی دفاترمیں تقاریب پرچم کشائی منعقدکی جائیں گی۔

پاکستان سُنی تحریک کے بیس ہزارسے زائد رضاکارمیلادکے جلسے اورجلوسوں کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ پاکستان سُنی تحریک کے شعبہٴ خدمت اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن (ٹرسٹ)کے ریراہتمام میلادجلوسوں کے راستوں پر استقبالیہ سٹیج اورچائے کے سٹال لگائے جائیں گے اورنعت خوان پارٹیوں میں انعامات اورتحائف تقسیم کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں مرکزاہلسنت کراچی میں مرکزی کنٹرول روم جبکہ اسلام آباد سمیت ملک کے تما م ڈویژن اوراضلاع میں میلاد سیل قائم کردیے گئے ہیں۔

ملک بھرسے لاکھوں عاشقان رسول عیدمیلاد النبی کواپنی تاریخی شرکت سے منائیں گے۔حکومت میلاد کے جلسے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔ثروت اعجازقادری نے کہا کہ ملک بھر میں ہزاروں مقامات پرمیلادالنبی کے حوالے سے موٹرسائیکل ریلیوں کا انعقادکیاجاتاہے اورلاکھوں لوگ موٹرسائیکلوں پر سوارہوکر جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں اس لیے میلادکے جلوسوں میں شریک عشاقان رسول کو ڈبل سواری پر پابندی کے قانون سے مستثنیٰ قراردیاجائے۔

انہوں نے عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پرموبائل سروس بحال کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موبائل سروس بندکرناکسی مسئلے کا حل نہیں،موبائل سروس بندکرنے کی بجائے دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیاجائے۔ جشن عید میلا د النبی ﷺ کے جلوسوں میں کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گے، رکاوٹ ڈالی گئی تو سخت جواب دیا جائے گا۔عیدمیلاد النّبیﷺ کے ہر جلسے اور جلوس میں ممتاز قادری کی رہائی کے لیے قراردادیں منظور کی جائیں گی اور چوہدری محمد اسلم شہیداورشہدائے عیدمیلادالنبی ﷺ سمیت تمام قومی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔

مر کزی حکومت نبی کریم ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پرعالمی میلاد کانفرنس منعقد کرے۔ عید میلادالنّبی کے موقع پرحکمرانوں سمیت پوری قوم ملک میں نظامِ مصطفی کے نفاذ اور قیامِ امن کے لیے تجدید عہد کرے اور حضور نبی کریمﷺ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کا حلف اٹھایاجائے۔اہلسنت کے علماء و مشائخ نے ہمیشہ قیام امن اور روا داری کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے اورآئندہ بھی ملکی امن وامان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا راستہ روکیں گے۔