میں گھر واپس نہیں جاوٴں گی ،ہلمند میں پکڑی جانے والی خود کش بمبار بچی کی گفتگو

پیر 13 جنوری 2014 12:54

ہلمند (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء)افغانستان کے صوبہ ہلمند میں خودکش جیکٹ پہنے ہوئے پکڑی جانے والی افغان بچی نے کہا ہے کہ میں گھر واپس نہیں جاؤنگی ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ان کے خاندان نے انہیں پولیس کی چوکی پر حملہ کرنے پر مجبور کرنے کیلئے ان پر تشدد کیا تھا۔دس سال عمر کی تصور کی جانے والی سپوڑمائی نے کہا کہ اس کے بھائی نے اسے مارا پیٹا اور پھر بارود سے بھری ہوئی جیکٹ پہننے کا حکم دیا۔

بچی نے بتایا کہ وہ جیکٹ پہننے کے بعد خوفزدہ تھی مگر اس کے بھائی نے اسے یقین دلایا تھا کہ اس کی جان نہیں جائیگی بلکہ صرف وہ لوگ مریں گے جنہیں نشانہ بنایا جائیگا۔سپوڑمائی نے بتایا کہ یہ کہ وہ گھر واپس نہیں جائے گی کیونکہ اس کا انجام برا ہوگا۔سپوڑمائی نے کہا کہ حکومت بھی کہے کہ وہ میری حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں، تب بھی میں واپس نہیں جاوٴں گی کیونکہ میرے ساتھ پھر ویسا ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میرے گھر والوں نے مجھے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اگر میں پہلی مرتبہ میں ایسا نہیں کرتی تو وہ مجھ سے دوبارہ یہی کروائیں گے۔ میرے والد یہاں آئے اور گھر واپس جانے کو کہا مگر میں نے منع کردیا اور میں نے کہا کہ میں آپ کے ساتھ جانے کے بجائے اپنے آپ کو مارلوں گی۔ میں پورے گھر کی صفائی کرتی تھی مگر وہ پھر بھی خوش نہیں ہوتے تھے۔ وہ میرے ساتھ برا سلوک کرتے تھے جیسے میں کوئی غلام ہوں۔