باغ،مدرسہ فیض القرآن بیس بگلہ کا 14سالہ حافظ عدیل نانگا پیر کے مقا م پر ٹھٹھر کر جاں بحق

پیر 13 جنوری 2014 13:44

بیس بگلہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء)آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے نواحی علاقہ بیس بگلہ کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ فیض القرآن کے 14 سالہ حافظ محمد عدیل خان ولد عبدالرشید خان سکنہ چکار بنی لنگڑیال ضلع ہٹیاں گھر جاتے ہوئے شدید سرد موسم کے باعث نانگا پیر کے مقام پر ٹھٹھر کر جان کی بازی ہار گیا‘جسے اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیاگیا- تفصیلات کے مطابق مرحوم گزشتہ جمعہ کو مدرسہ فیض القرآن بیس بگلہ سے سے بھاگ کر پیدل گھر جا رہا تھا کہ بیس بگلہ سے شمال کی طرف سات کلو میٹر کے فاصلہ پرنانگا پیر کے مقام پر شدید سرد موسم کے باعث جان کی بازی ہار گیا-مدرسہ انتظامیہ نے اس کے گھر والوں کو اطلاع کر رکھی تھی کہ وہ مدرسے سے بھاگ گیا ہے جس کے باعث اس کی تلاش جاری تھی کہ 12جنوری اتوار کی شام اس کی لاش نانگا پیر کے مقام سے ملی-حافظ عدیل کی موت کی خبر سنتے ہی بیس بگلہ‘ چناٹ‘ بھٹی شریف‘ سوکڑ ‘ چہڑ اور پس جھولہ کے لوگ نانگا پیر کے مقام پر پہنچ گئے اور اسی اثناء میں ملوٹ پولیس کے اہلکاربھی ایس ایچ او باغ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور میت کو باغ لے گئے-حافظ عدیل کی موت کی خبر سنتے ہی مرحوم کے والد عبدالرشید بھی باغ پہنچ گئے اور انہوں نے اپنے بیٹے کا پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کر دیا جس پر ایس ڈی ایم کی موجودگی میں لاش ورثاء کے حوالے کر دی -چودہ سالہ حافظ محمد عدیل کو اپنے آبائی قبرستان چکار ضلع ہٹیاں میں سپرد خاک کر دیاگیا-